کراچی میں رشتے سے انکار پر سفاک شخص نے بہن بھائیوں پر تیزاب پھینک دیا

منور خان  جمعـء 6 جنوری 2023
فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

  کراچی: شہر قائد کے علاقے کورنگی میں رشتہ دینے سے انکار پر سفاک شخص نے 2 بہنوں اور بھائی پر تیزاب پھینک دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تیزاب گردی کے واقعہ میں ملزم نے رشتہ نہ دینے پر 2 بہنوں اور بھائی پر مبینہ طور پر تیزاب پھینکا جس کے باعث تینوں جھلس کر زخمی ہوگئے ۔ والد کی جانب سے ملزم کی نشاندہی ہونے پر پولیس نے گرفتاری کے لیے چھاپے مار کارروائیاں شروع کردیں ۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ کورنگی کے علاقے 5 نمبر صائمہ ولاز کے قریب پیش آیا جہاں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سڑک پر چلنے والے بہن بھائیوں پر تیزاب پھینکا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

اس حوالے ایس ایچ او عوامی کالونی فراست شاہ نے بتایا کہ مبینہ طور پر موٹر سائیکل سوار دو ملزمان نے تیزاب یا کوئی مواد پھینکا ہے جس کے باعث 18 سالہ صائمہ اس کی بہن 16 سالہ سائرہ اور بھائی 19 سالہ وقاص ولد غلام عباس جھلس کر زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملازمت سے واپس جانے والی لڑکیوں پر تیزاب پھینکا گیا تھا جبکہ متاثرہ بہنوں اور بھائی کے والد غلام عباس نے پولیس کو بیان قلمبند کراتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ عامر نامی لڑکے نے میری بیٹی کا رشتہ مانگا تھا جسے دینے سے انکار کیا تو عامر نے اپنے ساتھی کے ہمراہ مبینہ طور پر میری بیٹیوں پر تیزاب پھینکا ہے۔

انھوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب میرا بیٹا دونوں بیٹیوں کو فیکٹری میں کام سے واپس موٹر سائیکل پر لیکر آرہا تھا کہ گھر کے قریب پیٹرول ختم ہونے سے موٹر سائیکل بند ہوگئی تھی، جس پر وہ پیدل ہی گھر کی جانب آرہے تھے کہ یہ واقعہ پیش آگیا۔

انھوں نے الزام عائد کیا ہے کہ عامر کئی روز سے میری بیٹی کو تنگ کر رہا تھا جبکہ تیزاب پھینکنے سے میری دونوں بیٹیوں کے چہرے اور آنکھیں متاثر ہوئی ہیں اور ایک روز پہلے میرے گھر کے باہر سے نیا رکشا بھی عامر نے چوری کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ والد کے بیان کی روشنی میں پولیس عامر کو سرگرمی تلاش کر رہی ہے جس کی گرفتاری کے بعد صورتحال مزید واضح ہو سکے گی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔