اہم مواقع پر جنوبی افریقہ کے ہتھیار ڈالنے کی روایت برقرار

محدود اوورز کی کرکٹ میں پروٹیزاب تک 12 میں سے10 ناک آؤٹ میچز ہار چکے۔


Sports Desk April 05, 2014
چند غلطیوں نے حریف کا سفر آسان بنا دیا (ڈوپلیسی) کوہلی ٹیم کا اثاثہ ہیں،دھونی۔ فوٹو: فائل

اہم مواقع پر جنوبی افریقہ کے ہتھیار ڈالنے کی روایت برقرار رہی، 5 یا زائد ٹیموں پر مشتمل ایونٹس میں پروٹیز اب تک 12 میں سے10 ناک آئوٹ میچز( سیمی فائنلز اورفائنلز) ہار چکے، ٹیم نے آخری بار ناک آئوٹ میچ 1998-99 میں جیتا جب چیمپئنز ٹرافی فائنل میں ویسٹ انڈیز کو زیر کیا تھا۔

بھارت سے حالیہ شکست پر کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ اس وکٹ پر بہترین بولنگ اٹیک کے سامنے ہمارا اسکور مناسب تھا، ایشون کی گھومتی گیندوں کے باوجود بیٹسمینوں نے اچھی کارکردگی دکھائی،ہمارے لیے ناخوشگوار پہلو یہ تھا کہ دھونی الیون کو ہدف کا تعاقب کرنا آتا ہے، انھوں نے ویرات کوہلی کی معاونت سے رنز کی مطلوبہ رفتار برقرار رکھتے ہوئے فتح حاصل کی، فاضل رنز سمیت ہماری چند غلطیوں نے حریف کا سفر آسان بنا دیا۔

دوسری جانب بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے کہا کہ روی چندرن ایشون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا، اسپنر کے اوورز ڈی ویلیئرز کیلیے بچاکر رکھنے کا فیصلہ کامیاب رہا، پروٹیز بیٹسمین کا بیٹ ایک بار رنز اگلنے لگتا تو روکنا مشکل ہوجاتا۔انھوں نے کہا کہ حریف ٹیم کی طرف سے بہتر ہدف دیے جانے کے باجود ہمارے ڈریسنگ روم میں کوئی پریشانی نہیں تھی،سب کھلاڑیوں کی سوچ بڑی مثبت رہی، انھیں نہ صرف خود پر بلکہ اپنے ساتھی پلیئرز کی صلاحیتوں پر بھی یقین تھا، دھونی نے کہا کہ کارکردگی میں ویرات کوہلی جیسا تسلسل زیادہ کرکٹرز کو نصیب نہیں ہوتا، نمبر 3پر ان کی خدمات ہمارے لیے اثاثہ ہیں، نوجوان بیٹسمین ملنے والے مواقع سے جس طرح فائدہ اٹھاتے ہیں وہ سب کیلیے ایک سبق ہے۔