پاکستان کیخلاف پہلے ون ڈے سے پہلے نیوزی لینڈ کو دھچکا

زبیر نذیر خان  اتوار 8 جنوری 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

  کراچی: نیوزی لینڈ کو پاکستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے پہلے میچ میں دھچکا لگا ہے کیونکہ انجری کا شکار نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری فٹ نہ ہوسکے، اسی باعث اُن کی جگہ پیس بولنگ آل راؤنڈر ڈگ بریسویل کو آکلینڈ سے طلب کر لیا گیا ہے۔

ہنری دوسرے ٹیسٹ کے آخری دن پیٹ میں تکلیف کی وجہ سے دورے سے باہر ہوگئے تھے،ہنری کو دو سے چار ہفتے آرام اور بحالی کی ضرورت تھی۔ ان کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل ہونے والے بریسویل 68 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔

کوچ گیری سٹیڈ نے تصدیق کی کہ32 بریسویل بدھ کو کراچی پہنچ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ کل پیر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا،میچ کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دینے کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا، دونوں ٹیموں نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر پریکٹس کی اور پلان کو حتمی شکل دی، تاہم حتمی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان ڈے اینڈ نائٹ میچ سے قبل کیا جائے گا۔

چیف سلیکٹر شاہد خان آفریدی نے اسٹیڈیم پہنچ کر مشقوں میں مصروف کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، سلیکشن کمیٹی کے کنوینئر ہارون رشید بھی ان کے ہمراہ تھے،دونوں نے قومی ٹیم کےہیڈ کوچ ثقلین مشتاق سے مشاورت بھی کی، شاہد آفریدی نے قبل ازیں پچ کا معائنہ کیا اور اسے موزوں قرار دیا۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی اور قومی کپتان میں ٹھن گئی ہے اور شان مسعود کو نائب کپتان بنائے جانے پر نالاں بابر اعظم جارح مزاج بیٹرکو آرام دینے کے حق میں ہیں۔ اُدھر شاہد آفریدی نے شان مسعود سے بھی ملاقات کی، فزیو کی نگرانی جسمانی ورزش میں مصروف شان مسعود نے ابتدا میں پریکٹس سیشن میں شرکت نہیں کی لیکن بعد میں انہوں نے بیٹنگ پریکٹس کی۔

اسکواڈ کا حصہ نہ ہونے باجود انجری سے نجات پانے والے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ہلکے ردھم کے ساتھ بولنگ کی جبکہ نسیم شاہ، وسیم جونیئر ، شاہ نواز دھانی اور محمد حسنین نے تیز گیندیں کراتے ہوئےسلیکٹرز کی توجہ پانے کی کوشش کی جبکہ شاداب خان کی جگہ اسکواڈ میں جگہ پانے والے اسامہ میر کے ساتھ محمد نواز اور سلیمان علی آغا اسپن اٹیک کا حصہ بننے کی جستجو میں نظر آئے، محمد رضوان نے بھی بھرپور انداز میں پریکٹس میں حصہ لیاْ

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے بیٹرز نے دوران پریکٹس جارحانہ انداز میں بلند شاٹس کھیلنے کی خصوصی مشقیں کیں، پاکستانی کھلاڑیوں کی دفاعی انداز میں مشقیں کرتے رہے،مہمان کھلاڑی شام کو موسم ٹھنڈا ہونے پر مسرور نظر آئے اور پریکٹس سے لطف اندوز ہوئے، پریکٹس کے بعد پچز کو کورز سے ڈھانپ دیا گیا،ادھر میچ کے لیےآن لائن ٹکٹس کی فروخت کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے،تینوں ون ڈے میچز کے وی آئی پی ٹکٹ فروخت ہو گئے ہیں،فضل محمود اور حنیف محمد انکلوژرز کے 15 سو روپے مالیت والے تمام ٹکٹس فروخت ہو گئے، پریمیئم کیٹگری میں شامل وسیم اکرم انکلوژر کے 750 روپے والےٹکٹ بھی دستیاب نہیں،تاہم دیگر انکلوژر کے ٹکٹوں کی فروخت میں بھی تیزی آگئی ہے،واضح رہے کہ ان میچز کے لیے جنرل انکلوژرز (نسیم الغنی، اقبال قاسم، محمد برادرز، انتخاب عالم اور وسیم باری) کے لیے ٹکٹ کی قیمت 250 روپے رکھی گئی ہے،فرسٹ کلاس انکلوزرز (آصف اقبال، وقار حسن اور ماجد خان) کے ٹکٹ500روپے میں دستیاب ہیں۔

دوسری جانب میچ کے دوران ٹکٹ غریب نواز اور چائنہ گراؤنڈ پارکنگ میں بھی دستیاب ہوں گے، اسٹیڈیم میں کوئی بھی آتشیں اسلحہ، کھلونا بندوق، دھماکہ خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس، لائٹر، چاقو اور کوئی بھی تیز دھار چیز لانا ممنوع ہے، کھانے کی اشیاء، مشروبات، شیشے/پلاسٹک کی بوتلوں کی اجازت نہیں ہوگی، اسٹیڈیم میں صرف پاکستان اور نیوزی لینڈ کے جھنڈے ہمراہ لانے کی اجازت ہوگی۔ تمام افراد بشمول 4 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کے پاس اسٹیڈیم میں داخل ہونے اور میچ کے دوران انکلوژر کے اندر بیٹھنے کے لیے اپنا الگ اور اصل شناختی کارڈ/ ب فارم اور ٹکٹ ہونا ضروری ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔