پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ احتجاج اور مارچ ہمارا آئینی حق ہے، پی ٹی آئی کے 5 اراکین قومی اسمبلی جبکہ ایک صوبائی وزیر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہرنے پشاور میں بات کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف جمہوری پارٹی ہے، ہم پرامن ہیں پرامن رپیں گے اور اس کی ہی سزا دی جارہی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ریاست کو اپنا طرز عمل بدلنا ہوگا، ملک کے لیے سوچیں، تحریک انصاف کے دور میں 12 لانگ مارچ ہوئے کسی کا راستہ نہیں روکا، دو سالوں سے ہمیں لانگ مارچ کرنے نہیں دیا جارہا، کیا احتجاج کرنا ہمارا جمہوری آئینی حق نہیں ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پانچ ایم این اے اور خیبرپختونخوا میں ایک وزیر گرفتار ہے، خیبرپختونخوا میں حکومت تحریک انصاف کی ہے لیکن سکہ کسی اور کا چلتا ہے، ہم اسلام آباد کو سومنات بنانے فتح کرنے نہیں جارہے بلکہ پُرامن رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہم اسلام آباد جائیں گے آئین و قانون کی بالادستی ہوگی، کیا ہم دہشت گرد ہیں ہمیں کہا جارہا ہے دہشت گرد کی طرح نمٹیں گے، ہم سیاسی لوگ ہیں دہشت گردوں کی طرح نہیں آئیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے تعلقات ختم نہیں کیے رابطے ابھی بھی ہیں اور ہمارا مطالبہ ہے عمران خان کا علاج، کیسوں کی سماعت اور ملاقات کی اجازت ہے۔