کراچی پولیس ایکسپریس نیوز کے اینکرز مصطفیٰ اور فیصل کو گھر سے اٹھا کر لے گئی

ایس ایس پی پیرمحمدشاہ نےنجی ٹی وی کےرپورٹر افضل ندیم ڈوگر کی ایما پرمصطفیٰ اورفیصل کوحراست میں لیا،اینکر مرتضیٰ چوہدری


ویب ڈیسک April 05, 2014
ہم نے کوئی گناہ نہیں کیا ہمیں صرف نجی ٹیلی ویژن چینل چھوڑنے کی سزا دی جارہی ہے، مرتضیٰ چوہدری فوٹو؛فائل

شہر قائد میں پولیس اہلکار غنڈہ گردی پر اتر آئے اور ایکپسریس نیوز کے معروف اینکرز مصطفی اور فیصل کو گھر سے ہی بغیر کسی جرم کے اٹھا کرلے گئے۔

گلستان جوہر کے علاقے میں تھانہ عزیز بھٹی کے پولیس اہلکاروں نے ایکسپریس نیوز کے معروف اینکرز مصطفیٰ اور فیصل کے گھروں پر ایسے دھاوا بولا جیسے یہ دونوں شخصیات کسی گینگ وار یا انڈرولڈ کے کارندے ہوں، لاتے مارتے سادہ لباس میں ملبوس اہلکار گھر میں گھسے اور گھر والوں سے موبائل فون چھیننے کے ساتھ مغلظات بھی بکیں، پولیس اہلکار دونوں اینکرز کو نامعلوم مقام پر لے گئے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے۔

ایس ایس پی ایسٹ پیرمحمد شاہ نے سب کچھ جانتے ہوئے بھی واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا، ایکسپریس میڈیا گروپ کی انتظامیہ اور رپورٹنگ ٹیم نے قائم مقام آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی سے رابطہ کیا تو دونوں افسران کی مداخلت پر 6 گھنٹے بعد اینکرز کو رہائی ملی۔ ایڈیشنل آئی جی شاہد حیات کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کی جس پر انہوں نے چھاپہ مار ٹیم کو معطل کردیا۔

اینکر مرتضیٰ چوہدری کا کہنا تھا کہ پولیس نے مصطفیٰ اور فیصل کو ایس ایس پی پیر محمد شاہ اور نجی ٹیلی ویژن چینل کے رپورٹر افضل ندیم ڈوگر کی ایما پر حراست میں لیا اور دوران حراست انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا جب کہ پولیس اہلکار ان سے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات پوچھتے رہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم نے کوئی گناہ نہیں کیا ہمیں صرف نجی ٹیلی ویژن چینل چھوڑنے کی سزا دی جارہی ہے۔

مقبول خبریں