الیکشن کمیشن؛ سندھ حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

ویب ڈیسک  جمعـء 13 جنوری 2023
سندھ حکومت نے گزشتہ روز بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا:فوٹو:فائل

سندھ حکومت نے گزشتہ روز بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا:فوٹو:فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد کردیا۔

الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن 15 جنوری کو ہی کروانے کا فیصلہ کیا۔

الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں ہوا جس میں سندھ حکومت کی درخواست اورنوٹیفکیشنز پرغور کیا گیا۔سندھ حکومت نے کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دادو ضلع کی دو تحصیلوں خیرپور ناتھن اور مہر میں  15 جنوری 2023 کوہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی۔

الیکشن کمیشن نے قانونی اور آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست نامنظور کرتے ہوئے کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں انتخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو کرانے کا حکم دیا جس کا آرڈر جاری کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو انتخابات کے دوران انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج یا رینجرز کی تعیناتی کو یقینی بنانے کو بھی کہا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت ہو یا صوبائی حکومتیں کوئی بھی بلدیاتی انتخاب کرانا نہیں چاہتا۔ اسلام آباد بلدیاتی قانون میں ترمیم کا سارا ملبہ الیکشن کمیشن پر ڈالا گیا۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تمام انتظامات مکمل تھے دودن پہلے عین وقت پر سندھ حکومت نے ایسا اقدام کیا۔

مزید پڑھیں: کراچی، حیدرآباد اور دادو میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے، حکومتِ سندھ

اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد کی صورتحال پر بھی غورکیا گیا۔اجلاس میں  چیف الیکشن کمشنر، ممبران،ا سپیشل سیکرٹری، ڈی جی لاء، ڈی جی لوکل گورنمنٹ الیکشن سمیت  دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: کراچی اور حیدرآباد کی بلدیاتی حلقہ بندیاں منسوخ، نوٹیفیکیشن جاری

سندھ حکومت نے گزشتہ روز کراچی، حیدر آباد اور دادومیں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔