پشاور میں سربند پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا حملہ، ڈی ایس پی سمیت 3 اہلکار شہید

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 جنوری 2023
ڈی ایس پی سردار حسین اور محافظوں کوتھانے پہنچنے پرنائٹ وژن اسنائپررائفلوں سے نشانہ بنایا گیا، ایس ایس پی آپریشنز۔ فوٹو: فائل

ڈی ایس پی سردار حسین اور محافظوں کوتھانے پہنچنے پرنائٹ وژن اسنائپررائفلوں سے نشانہ بنایا گیا، ایس ایس پی آپریشنز۔ فوٹو: فائل

پشاور: سربند پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی سمیت 3 اہلکار شہید ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں سربند پولیس اسٹیشن پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی سردار حسین اور دو اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

ایس ایس پی آپریشنز نے ڈی ایس پی سردار حسین اور ایک زخمی کانسٹیبل کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی ایس پی سردار حسین کے تھانے پہنچنے پر تاک میں بیٹھے دہشتگردوں نے انہیں اور باقی محافظوں کو نائٹ وژن گنز سے نشانہ بنایا جس کی زد میں آکر دو اہلکار بھی زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے اسنائپر رائفلوں کا استعمال کرتے ہوئے تھانے پر فائرنگ کی، رائفلوں کے ذریعے تھانے کی سنتری پوسٹوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ حملے کے فوراً بعد پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی جب کہ پولیس کی ٹیمیں اور امدادی اداروں کے اہلکار موقع کی جانب روانہ ہوئے۔

پولیس اور دہشتگردوں کے مابین وفقہ وقفہ سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور پولیس کی اضافی نفری کے ہمراہ بکتر بند گاڑیاں بھی پولیس اسٹیشن سربند پہنچ گئیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔