ویمنزانڈر 19 ورلڈ کپ؛ پاکستان نے ابتدائی رکاوٹ عبور کرلی

اسپورٹس ڈیسک  پير 16 جنوری 2023
انگلینڈ کے خلاف زمبابوے 25 رنز پر ڈھیر، ویسٹ انڈیز کی آئرلینڈ پر فتح۔ فوٹو: پی سی بی

انگلینڈ کے خلاف زمبابوے 25 رنز پر ڈھیر، ویسٹ انڈیز کی آئرلینڈ پر فتح۔ فوٹو: پی سی بی

کراچی: ویمنز انڈر 19 ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے ابتدائی رکاوٹ باآسانی عبور کرلی جب کہ پہلے میچ میں روانڈا کو 8 وکٹ سے مات دے دی۔

جنوبی افریقہ میں جاری ویمنز انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا آغاز قدرے آسان فتح کے ساتھ ہوا، روانڈا نے پہلی بار کسی آئی سی سی کپ میں شرکت پر کافی متاثر کیا، سلو وکٹ پر سنیتھا ٹیوزیر اور گیزیل ایشمووے کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے 51 رنز کی شراکت ہوئی۔

اشمووے نے 40 رنز بنائے تاہم دوسرے ہاف میں پاکستانی بولرز نے زیادہ متاثرکن بولنگ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنایا کہ روانڈا زیادہ بڑا اسکور نہ کرسکے، اس طرح حریف ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 106 رنز بناسکی، عریشہ نور بھٹی نے 2 وکٹیں لیں جبکہ سیدہ عروب شاہ اور انوشہ ناصر نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں روانڈا نے آغازمیں پاکستانی بیٹنگ لائن پر بھرپور حملہ کرتے ہوئے 42 رنز پر 2 وکٹیں اڑا دیں تاہم ایمان فاطمہ نے 60 بالز پر ناقابل شکست 65 رنز بناکر ٹیم کو 18 ویں اوور میں منزل پر پہنچادیا، عروب شاہ بھی 20 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔

اتوار کو کھیلے گئے دیگر میچز میں ویسٹ انڈیز نے دلچسپ مقابلے میں آئرلینڈ کو 7 رنز سے شکست دے دی، زیڈا جیمز کے 52 رنز کی بدولت کیریبیئن ویمنز انڈر 19 ٹیم نے 3 وکٹ پر 125 رنز بنائے، اس میں سے 24 رنز آئرش ویمنز نے ایکسٹراز کی مد میں عطیہ کیے، جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم 7 وکٹ پر 118 رنز بناسکی۔

نیوزی لینڈ نے انڈونیشیا کو 10 وکٹ سے ہرایا جبکہ انگلینڈ کے خلاف زمبابوے کی ٹیم 200 رنز ہدف کے تعاقب میں صرف 25 رنز پر ڈھیر ہوکر 174 رنز کی شکست سے دوچار ہوگئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔