ویمنز انڈر 19 ورلڈکپ؛ پاکستان کا آج زمبابوے سے مقابلہ

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 19 جنوری 2023
بنگلہ دیشی فتوحات کی ہیٹ ٹرک، بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ بھی کامیاب۔ فوٹو: پی سی بی

بنگلہ دیشی فتوحات کی ہیٹ ٹرک، بھارت، آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ بھی کامیاب۔ فوٹو: پی سی بی

کراچی: آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستان تیسرا میچ آج زمبابوے کیخلاف کھیلے گی۔

بنگلہ دیش نے امریکا کیخلاف 5 وکٹ سے فتح پائی، ناکام سائیڈ نے 4 وکٹ پر 103 رنز بنائے، بنگال ٹائیگرسز نے ہدف 17.3 اوورز میں 5 وکٹ کھوکر پالیا۔

آسٹریلیا نے سری لنکا کو 108 رنز سے مات دی، فاتح الیون نے 5 وکٹ پر 159 رنز جوڑے، ناکام سائیڈ 13 اوورز میں 51 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

جنوبی افریقہ نے یواے ای کو 45 رنز سے قابو کیا، میزبان الیون نے 7 وکٹ پر 112 رنز اسکور بورڈ پر جمع کیے، خلیجی ٹیم 17 اوورز میں 67 رنز بناسکی، سماریا نے 13 رنز بناکر کچھ ہمت دکھائی، مینی سمٹ نے 11 رنز دیکر 4 پلیئرز کو پویلین واپس کیا۔

بھارت نے اسکاٹ لینڈ کو 83 رنز سے ہرادیا، فاتح الیون نے 4 وکٹ پر 149 رنز جوڑے، گونگیڈی ٹریشا 57 رنز بنانے میں کامیاب رہیں، کیتھرین فریزر نے 31 رنز دیکر 2 وکٹیں لیں، اسکاٹش ٹیم 13.1 اوورز میں 66 رنز پر حوصلہ ہارگئی۔

گروپ اے اور ڈی سے ٹاپ تھری سائیڈز نے سپر سکس مرحلے میں رسائی پالی، جس کے بعد سپر سکس کے گروپ ون میں بھارت ٹاپ پر ہے، بنگلہ دیش دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے، سری لنکا پانچویں جبکہ یواے ای چھٹے نمبر پر فائز ہے، دیگر دو گروپس سے سپر سکس کا حتمی فیصلہ جمعرات کو تیسرے رائونڈ کی تکمیل پر ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔