یوروبانڈکے اجراکا حتمی فیصلہ آج کرلیاجائیگااسحق ڈار

50کروڑڈالرکے یوروبانڈزکے فیصلے کودبئی،لندن،ٹورنٹو،نیویارک میںپذیرائی ملی


Numainda Express April 09, 2014
آئی ایم ایف کاقرض اتارنے کیلیے2ارب20کروڑڈالرکاقرض لیا،نیویارک میں خطاب ۔ فوٹو : اے ایف پی/ فائل

وفاقی وزیرخزانہ اسحق ڈارنے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت پربین الاقومی سرمایہ کاروں کے اعتمادمیں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور پاکستان کی طرف سے بین الاقوامی مارکیٹ میں50 کروڑ ڈالر مالیت کے یورو بانڈز جاری کرنے کے فیصلے کو دبئی، لندن، ٹورنٹو اورنیویارک میں بھرپور پذیرائی ملی ہے۔

جبکہ یوروبانڈز کے اجراسے متعلق حتمی فیصلہ آج (بدھ تک) کرلیا جائے گا۔ گزشتہ روز یوروبانڈز کے حوالے سے روڈشوز کے اختتام پرنیویارک میںپاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ ورلڈبینک اور آئی ایم ایف سمیت تمام بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان کی کارکردگی کی تعریف کی ہے جس سے پاکستان غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ملک بن گیاہے۔ انھوں نے کہاکہ پاکستانی کرنسی اب مستحکم ہے۔ آن لائن کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکی سرمایہ کاروں نے پاکستانی انٹرنیشنل بانڈز میں سرمایہ کاری کی خواہش ظاہر کی ہے۔ رواں ماہ اپریل میں پاکستانی عوام کو3 ارب ڈالرز سے زائد کی 3اہم خوش خبریاں ملیں گی۔

پہلی عالمی بانڈز مارکیٹ میں پاکستانی بانڈز کی فروخت، دوسری تھری جی اور فورجی کے آکشن سے ایک ارب ڈالرز سے زائد کی آمدن اورتیسری واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈبینک کے اجلاس میں پہلے مرحلے میں ایک ارب ڈالر اور دوسرے مرحلے میں700ملین ڈالر کے قرضوں اور فنڈزکا اجرا ہوگا۔ پاکستان ایران، روس، چین، امریکااور ترکی سمیت سب کے ساتھ ایک آزاد پالیسی کے تحت کریڈیٹ کرناچاہتا ہے اورکرے گا۔ ایک سوال پرانھوں نے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ ہم نے عالمی مالیاتی ادارے کے پرانے قرضے اتارنے کے لیے نیا قرض لیاہے جو2ارب20کروڑ ڈالر ہے جس میں ہم ایک ارب خود ڈال کر اپنا قرض ادا کرینگے۔ این این آئی کے مطابق قبل ازیں انٹاریو کے وزیر خزانہ چارلس سوزا کے ساتھ ملاقات میں اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت شفافیت و گڈگورننس کے قیام اور بدعنوانی کے خاتمے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔