کراچی؛ گھر کے اندر فائرنگ سے خاتون جاں بحق، 9 سالہ بچی زخمی

فائرنگ پرانے محلے دار نے کی، زخمی بچی کا پولیس کو ابتدائی بیان


ویب ڈیسک September 20, 2026

کراچی:

لسبیلہ کے علاوے فلمستان ٹاور کے قریب گھر میں نامعلوم ملزم کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق جبکہ 9 سالہ بچی زخمی ہوگئی۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کا شوہر گھر سے سامان لینے کے لیے باہر گیا تھا، اس کے گھر سے نکلتے ہی نامعلوم شخص اندر داخل ہوا اور فائرنگ کرکے فرار ہوگیا۔ فائرنگ سے جاں بحق خاتون اور زخمی بچی کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

مقتولہ کی شناخت 35 سالہ گل اندام اور زخمی بچی کی شناخت نسرین کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ گزشتہ 8 ماہ سے شوہر کے ہمراہ کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھی، اس کا آبائی تعلق افغانستان سے تھا اور وہ چند روز بعد اہلخانہ کے ہمراہ بیرون ملک روانہ ہونے والی تھی۔

زخمی بچی نے اپنے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ فائرنگ پرانے محلے دار نے کی۔ جائے وقوعہ سے گولیوں کے 3 خول برآمد ہوئے جبکہ کرائم سین یونٹ نے شواہد جمع کرلیے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔