پرتھ پاکستان کی ٹیسٹ میں میزبانی کیلیے مچلنے لگا

کوشش جاری رکھیں گے،ویسٹ انڈیز سے میچ میں دلچسپی نہیں، ویسٹرن آسٹریلیا


Sports Desk February 05, 2023
کوشش جاری رکھیں گے،ویسٹ انڈیز سے میچ میں دلچسپی نہیں، ویسٹرن آسٹریلیا۔ فوٹو:فائل

پرتھ پاکستان کی ٹیسٹ میں میزبانی کیلیے مچلنے لگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو رواں برس کے آخر میں آسٹریلیا کا ٹور کرنا ہے جس میں 3 ٹیسٹ میچز شیڈول ہیں، ویسٹرن آسٹریلیا گرین کیپس کے ساتھ ایک ٹیسٹ کی میزبانی پرتھ کے آپٹس اسٹیڈیم میں کرنے کیلیے بے چین ہے، اس سلسلے میں حکام کی کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

ویسٹرن آسٹریلیا نے کوویڈ کی وجہ سے 2 برس تک کسی ٹیسٹ کی میزبانی نہیں کی ، گذشتہ برس نومبر میں ویسٹ انڈیز کے ساتھ آسٹریلیا کا میچ پرتھ میں ہوا،اس دوران تماشائیوں کی تعداد انتہائی مایوس کن رہی، آپٹس اسٹیڈیم میں نہ صرف میچ کیریبیئن بیٹنگ لائن کے ڈھیر ہونے کی وجہ سے جلد ختم ہوگیا بلکہ اس دوران صرف 12 ہزار تماشائیوں نے ہی اسٹیڈیم کا رخ کیا۔

رواں برس ایک بار پھر ویسٹ انڈین ٹیم کو بھی آسٹریلیا کا رخ کرنا ہے، ویسٹرن آسٹریلین کرکٹ باڈی اب اس کی میزبانی نہیں کرنا چاہتی، کرکٹ آسٹریلیا کے بورڈ ڈائریکٹرز آنے والے ہوم سیزن کو حتمی شکل دینے کیلیے آئندہ ہفتے میٹنگ کریں گے۔

ایسوسی ایشن کی چیئرپرسن ایوریل فاہے نے کہا کہ پاکستان ٹیم اس موسم گرما میں آسٹریلیا آرہی ہے، ویسٹ انڈین ٹیم بھی دوبارہ دورہ کرے گی، میں پْرامید ہوں کہ ہمیں اس بار کیریبیئن ٹیم کی میزبانی نہیں کرنا ہو گی، ہم اس بات کو یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ دسمبر کے وسط میں ہمیں پاکستان ٹیم کا میزبان بننے کا موقع ملے تاکہ ہم پرتھ میں اپنے شائقین کیلیے کچھ خاص پیش کرسکیں۔

انھوں نے کہا کہ نومبر میں تماشائیوں کی تعداد کافی کم رہتی ہے، میں نے ایڈیلیڈ میں شائقین کا جوش و خروش دیکھا، مجھے میرے تمام ممبرز نے بھی لکھاکہ ہم دسمبر میں کسی ٹیسٹ کی میزبانی کیوں نہیں کرسکتے، میں تو یہ بھی کہتی ہوں کہ اب ہمیں باکسنگ ڈے ٹیسٹ کی میزبانی ملنا چاہیے۔

ایوریل فاہے نے کہا کہ ہم دسمبر میں پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ میچ کی میزبانی کیلیے کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ رابطہ رکھے ہوئے ہیں، میں نے انھیں اس حوالے سے متعدد ای میلز بھیجی ہیں، امید ہے کہ اس مرتبہ پروگرام میں ہمیں اپنی اسٹیٹ میں ٹیسٹ کرکٹ کی پرانی سرگرمیاں بحال کرنے کا موقع ضرور دیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں