حیدرآباد ایوان تجارت کے انتخابات12 نشستوں پر 63 امیدوار

برسراقتدار تاجر دوست پینل دوگروپوں میں تقسیم ، بزنس مین پینل کی اہمیت بڑھ گئی۔


Numainda Express September 16, 2012
برسراقتدار تاجر دوست پینل دوگروپوں میں تقسیم ، بزنس مین پینل کی اہمیت بڑھ گئی

حیدرآباد ایوان تجارت و صنعت کے22 ستمبر کو ہونے والے انتخابات میں مجموعی طور پر12 نشستوں کے لیے 63 امیدوار سامنے ہیں۔

جبکہ ایوان کی تاریخ میں پہلی بار انتخابات کے انتہائی قریب، ڈرامائی انداز میں موجودہ حزب اقتدار پینل تاجر دوست پینل دو بڑے گروپوں میں تقیسم ہو گیا۔ایک گروپ کی قیادت موجودہ صدر سیٹھ گوہر اللہ جبکہ پینل کے بانی و سرپرست اعلیٰ حاجی یعقوب دوسرے گروپ کی قیادت کر رہے ہیں۔ 3 برسوں سے تاجر دوست پینل کے صدر منتخب ہوتے آ رہے ہیں ۔

گزشتہ سال شاندار فتح اس پینل کا نصیب بنی جس کے تحت طویل عرصے بعد تاجر دوست پینل نے منیجنگ کمیٹی کی تمام24 نشستیں جیت لیں اور آئین میں معمولی رد و بدل کے بعد سیٹھ گوہر اللہ دوسری بار مسلسل صدر بھی منتخب ہو گئے۔ اب الیکشن قریب آتے ہی اچانک تاجر دوست پینل میں دراڑیں پڑ گئیں اور محض دو گھنٹے کے نوٹس پر پینل، حاجی یعقوب گروپ اور فتح گروپ میں تبدیل ہو گیا۔

موجودہ صورتحال میں بزنس مین پینل کی اہمیت بڑھ گئی جس کے اراکین کا کہنا ہے کہ 3 سال سے تاجر دوست پینل، سیاسی جماعت کے کندھے پر چڑھ کر الیکشن جیتتا آ رہا ہے۔ الیکشن کے سلسلے میں تاجر دوست پینل کے دونوں گروپوںکے متضاد دعوے بھی سامنے آئے ہیں سیٹھ گوہر اللہ گروپ کا کہنا ہے کہ 12 اراکین کے ریٹائرڈ ہونے کے باوجود ایوان میں موجود 12 اراکین میں سے6 ان کے ممبر ہیں۔

جبکہ حاجی یعقوب گروپ کا کہنا ہے کہ ایوان میں موجود 12 میں سے 8 اراکین ان کے ہیں انہیں نیا صدر لانے کے لیے محض5 اراکین منتخب کرانے ہیں جبکہ بزنس مین پینل کو13 اور سیٹھ گوہر اللہ کو 10 نشستوں کی ضرورت ہو گی۔ تاجر دوست پینل کے ترجمان و معروف تاجر رہنماء ندیم صدیقی کا کہنا تھا کہ سیٹھ گوہر اللہ ا ور ان کے ساتھیوں کا تاجر دوست پینل سے کوئی تعلق نہیں رہا وہ اپنا الگ گروپ تشکیل دیں۔

تاجر دوست پینل پہلے بھی حاجی یعقوب کی سربراہی میں کام کر رہا تھا اور آج بھی فعال ہے۔ دوسری جانب سیٹھ گوہر اللہ گروپ کے فعال ترین ممبر و معروف تاجر رہنماء ضیاء قریشی نے ایکسپریس کو بتایاکہ حاجی یعقوب کا تاجر دوست پینل سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ وہ مستعفی ہو کر چلے گئے تھے۔

جس کے بعد نائب چیئرمین محمد عماد صدیقی اور وہ (ضیاء قریشی) بطور جنرل سیکرٹری تاجر دوست پینل اپنی سیٹ پر موجود ہیں، اس لیے حاجی یعقوب اپنے لیے کوئی اور نام تلاش کر لیں، تاہم ہفتہ کی شب حاجی یعقوب نے ایوان صنعت و تجارت کے دفتر کے ساتھ باقاعدہ طور پر تاجر دوست پینل کے انتخابی دفتر کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء کو اپنی علیحدگی سے متعلق آگاہی بھی دی۔