بھارتی امپائر نے پہلے ہی اوور میں روہت کو 2 مرتبہ ’رعایت‘ دیدی

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 2 مارچ 2023
نیتن مینن کے روہت شرما کو بچانے جبکہ کوہلی سے تعصب برتنے پر سوشل میڈیا پر شائقین نے ان کا مذاق اُڑایا۔ فوٹو: آئی سی سی

نیتن مینن کے روہت شرما کو بچانے جبکہ کوہلی سے تعصب برتنے پر سوشل میڈیا پر شائقین نے ان کا مذاق اُڑایا۔ فوٹو: آئی سی سی

اندور: بھارتی امپائر نے پہلے ہی اوور میں روہت کو 2 مرتبہ ’رعایت‘ دیدی۔

بھارتی امپائر نیتن مینن نے آسٹریلیا سے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے ہی اوور میں میزبان کپتان روہت شرما کو 2 مرتبہ ’رعایت‘ دے دی، واضح آؤٹ ہونے کے باوجود ان کے خلاف انگلی نہیں اٹھائی تاہم ویراٹ کوہلی کو فوراً آؤٹ قرار دینے پر سوشل میڈیا پر وہ مذاق کا نشانہ بھی بن گئے۔

مجموعی طور پر مینن کیلیے پہلا روز کسی ڈراؤنے خواب کی مانند تھا، پہلی ہی گیند پر آؤٹ سائیڈ ایج پر روہت کا وکٹ کیپر الیکس کیری نے کیچ تھاما، بولر مچل اسٹارک نے کاٹ بی ہائنڈ کی اپیل کردی جس پر مینن نے کوئی حرکت نہیں کی، اسمتھ نے کیری اور اسٹارک سے مشاورت کے بعد ریویو نہیں لیا جبکہ ری پلے میں بیٹر صاف کیچ دکھائی دے رہے تھے، 3 بالز بعد روہت واضح طور پر ایل بی ڈبلیو ہوئے، مینن نے نفی میں سر ہلایا جبکہ اس بار بھی آسٹریلیا نے ریویو نہیں لیا۔

ایک بار مینن نے جڈیجا کو ان سائیڈ ایج کے باوجود ایل بی ڈبلیو قرار دیا تاہم کوہلی کے خلاف انھوں نے فوراً انگلی اٹھائی، سابق کپتان ریویو سے بھی فیصلہ اپنے حق میں نہیں کرسکے۔ جس پر سوشل میڈیا پر شائقین نے مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ مینن نے روہت شرما کو بچایا جبکہ کوہلی سے تعصب برتتے ہوئے انھیں فوراً آؤٹ قرار دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔