ملتان سلطانز پشاور زلمی کو شکست دے کر پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی

ویب ڈیسک  جمعـء 10 مارچ 2023
(تصویر: پاکستان سپر لیگ)

(تصویر: پاکستان سپر لیگ)

راولپنڈی: ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔پشاور زلمی دو بار 240سے زائد کے اسکور کے دفاع میں ناکام رہنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 8 کے 27 ویں میچ میں ملتان سلطانز نے 243 رنز کا ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر 19.1 اوورز میں حاصل کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے رائلی روسو نے 51 گیندوں پر 121 رنز کی طوفانی اننگ کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ کیرون پولارڈ نےبھی  25 گیندوں پر52 رنز بنا کر فتح میں بڑا حصہ ڈالا۔

خوشدل شاہ 18، کپتان محمد رضوان 7، شان مسعود 5 اور ٹِم ڈیوڈ 2 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔ انور علی 28 اور اسامہ میر 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاورزلمی کی جانب سے عظمت اللہ عمر زئی  نے 2 جبکہ وہاب ریاض،مجیب الرحمان، ارشد اقبال اور صائم ایوب نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم 73 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ صائم ایوب 58، ٹام کوہلر کیڈمور 38، محمد حارث 35، حسیب اللہ خان 7 اور روومن پاول 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔عظمت اللہ عمرزئی 16 اور وہاب ریاض 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 جبکہ انور علی اور اسامہ میر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔