جوہانسبرگ اسکواش 2 پاکستانی کوالیفائنگ رائونڈ عبورکرنے میں ناکام

ناصر خان اور احسن کو میزبان حریفوں نے مات دیدی


Sports Desk April 15, 2014
مین راؤنڈ میں طیب اسلم ، ثاقب یوسف اور عماد فرید سیمت 6 پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ فوٹو: فائل

جوہانسبرگ اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستان کے ناصر خان اور احسن ایازکوالیفائنگ مرحلہ عبورکرنے میں ناکام رہے۔

دونوں کو فائنل مقابلے میں میزبان حریفوں نے شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ میں جاری جوہانسبرگ اسکواش ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ مرحلے میں 2پاکستانی کھلاڑی ناصر خان اور احسن ایاز شریک تھے، کوالیفائنگ فائنل میں ناصر خان کو میزبان حریف نیل وینڈر مروان جبکہ احسن ایاز کو رئے ڈلمینی نے شکست دیدی۔ ایونٹ کے مین رائونڈ کا آغاز منگل سے ہورہا ہے جس میں طیب اسلم ، ثاقب یوسف اور عماد فرید سیمت 6 پاکستانی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ سیکنڈ سیڈ طیب اسلم کی پہلی آزمائش جنوبی افریقی حریف میچل ووڈ کیخلاف ہوگی۔

فورتھ سیڈ ثاقب یوسف میزبان لارنس کوہون کیخلاف کورٹ میں اتریں گے۔ عماد فرید کا مقابلہ رئے سیمبولے سے شیڈول ہے، حسیب گل کو ٹاپ سیڈ آسٹریا کے عقیل رحمان کا چیلنج درپیش ہوگا، مبارک محسن مصری ہاشم محمد کیخلاف صلاحیتوں کو آزمائیں گے، چوہدری ناصر انور میزبان میچل ٹوٹیل کیخلاف کورٹ سنبھالیں گے،5 ہزار ڈالر انعامی رقم کے ایونٹ کے کوارٹر فائنلز 16 اپریل کو کھیلے جائیں گے، سیمی فائنلز رائونڈ 17 اور فیصلہ کن معرکہ 18 اپریل کو شیڈول ہے۔ ٹورنامنٹ میں آسٹریا کے عقیل الرحمان ٹاپ سیڈ اور برطانوی ٹوم فورڈ تھرڈ سیڈ کی حیثیت سے شرکت کررہے ہیں۔