پاکستان میں ایشیا کپ؛ بھارتی ٹیم کو بھیجنے پر منسٹر کا موقف تبدیل

اسپورٹس رپورٹر  منگل 21 مارچ 2023
پہلے بی سی سی آئی فیصلہ کرے پھر وزارت کھیل اور داخلہ جائزہ لے گی، انوراگ ٹھاکر (فوٹو: فائل)

پہلے بی سی سی آئی فیصلہ کرے پھر وزارت کھیل اور داخلہ جائزہ لے گی، انوراگ ٹھاکر (فوٹو: فائل)

 کراچی:  ایشیا کپ کیلیے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے پر وزیر کھیل کا موقف تبدیل ہوگیا، انھوں نے گیند کرکٹ بورڈ کے کورٹ میں ڈال دی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ ہمیشہ ہی پاکستان سے کرکٹ نہ کھیلنے کا باعث اپنی حکومت کو قرار دے کر جان چھڑاتا رہا ہے ، اس بار بھی ایشیا کپ کیلیے ٹیم پڑوسی ملک بھیجنے سے انکار کیا ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی اجلاس؛ نجم سیٹھی نے پلان کیوں تبدیل کیا؟

گزشتہ برس اکتوبر میں وزیرکھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے کھلاڑیوں کے پاکستان جانے کا فیصلہ وزارت داخلہ کرے گی مگر اب انھوں نے گیند بی سی سی آئی کے کورٹ میں ڈال دی ہے۔

ناگپور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران جب وہ مختلف حکومتی پالیسیز پر بات کررہے تھے تو ان سے بھارتی ٹیم کے ایشیا کپ کیلیے پاکستان جانے سے متعلق سوال کیا گیا، اس پر انوراگ ٹھاکرنے کہا کہ پہلے بھارتی کرکٹ بورڈ کو اس ٹورنامنٹ میں شرکت کے حوالے سے اپنا فیصلہ کرلینے دیں، اس کے بعد ہی وزارت کھیل اور داخلہ اس بارے میں حتمی فیصلہ کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کی ایشیا الیون نے لیجنڈز لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

یاد رہے کہ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شا نے از خود ہی ایشیا کپ کو پاکستان سے کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کا فیصلہ سنادیا تھا، اس پر نہ صرف پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا بلکہ اس کے مطالبے پر ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ بلائی گئی جس میں معاملے پر غور مارچ تک موخر کیا گیا تھا۔

پی سی بی کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ اگر بھارتی ٹیم ایشیا کپ کیلیے پاکستان نہیں آتی تو پھر اکتوبر میں شیڈول ورلڈ کپ کیلیے گرین شرٹس کو بھی بھارت نہیں بھیجا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ہربھجن نے ایک بار پھر ایشیاکپ سے متعلق متنازع بیان داغ دیا

یہ معاملہ بدستور ہوا میں معلق اور بورڈ کی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی آئی سی سی اور اے سی سی میٹنگز میںیہ اس حوالے سے ٹھوس موقف اختیار کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔