نارتھ ناظم آباد بڑھتی ہوئی ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں پر مکینوں میں اشتعال

علاقہ پولیس ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کراسنیپ چیکنگ کے نام پر موٹرسائیکل سواروں کو روک کررقم بٹورنے میں مصروف


Staff Reporter April 16, 2014
علاقہ پولیس ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کراسنیپ چیکنگ کے نام پر موٹرسائیکل سواروں کو روک کررقم بٹورنے میں مصروف۔فوٹو:فائل

نارتھ ناظم آباد میں ڈکیتی و رہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا جس کے باعث علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

علاقہ پولیس گشت کے بجائے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر اسنیپ چیکنگ کے نام پر موٹر سائیکل سواروں کو روک کر مبینہ طور پر رقم بٹورنے میں مصروف ہے، تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلاک A اور بلاک D میں اسٹریٹ کرائمز اور گھروں میں ڈکیتی و رہزنی کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے جبکہ نارتھ ناظم آباد پولیس کی جانب سے وارداتوں پر قابو پانے میں نہ صرف عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جا رہا بلکہ اسنیپ چیکنگ کے نام پر شہریوں کو بلاجواز ہراساں کر کے ان سے رقم بھی بٹوری جاتی ہے۔

موٹر سائیکل سوار ملزمان آزادانہ علاقے میں لوٹ مار کر کے فرار ہوجاتے ہیں ، نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں العباس مارکیٹ والی گلی میں گزشتہ چند روز کے دوران موٹر سائیکل سوار ڈاکو کئی دکانداروں کو لوٹ کر فرار ہوگئے جبکہ واقعات کی شکایت علاقہ گشت پر مامور پولیس افسر علیم کو دی گئی تو انھوں نے دکانداروں کو تحفظ اور ملزمان کے خلاف کارروائی میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جس کے باعث دکانداروں اور علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے۔

نارتھ ناظم آباد پولیس کے ڈی اے چورنگی کے قریب ٹریفک پولیس کے ہمراہ موٹر سائیکل سواروں کو روک کر چیکنگ کی آڑمیں بلاجواز ہراساں کرنے اور ان سے مبینہ طور رشوت وصول کرنے میں مصروف ہے،نارتھ ناظم آباد بلاک ڈی میں اسٹریٹ کرائمز اور گھروں میں گھس کر ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے پیش نظر علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بیریئرز لگا کر سیکیورٹی گارڈز رکھ لیے ہیں جس کے باعث انھیں اضافی مالی بوجھ برادشت کرنا پڑ رہا ہے جبکہ مکینوں کی جان و مال کے تحفظ کی ذمے داری علاقہ پولیس پر عائد ہوتی ہے۔

نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور ڈی کے مکینوں نے آئی جی سندھ اقبال محمود اور کراچی پولیس کے سربراہ شاہد حیات سے اپیل کی ہے کہ علاقے میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز اور گھروں میں ڈکیتی کی وارداتوں پر قابو پانے کے لیے نارتھ ناظم آباد پولیس کو پابند کیا جائے اور علاقے میں پولیس موبائل گشت کو موثر بنایا جائے تاکہ علاقہ مکین سکون کا سانس لے سکیں بصورت دیگر مکینوں کی جانب سے پولیس کے خلاف سخت احتجاج کیا جائے گا۔