جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی، توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی سے رپورٹ طلب

نیوز رپورٹر  بدھ 22 مارچ 2023
(فائل : فوٹو)

(فائل : فوٹو)

 اسلام آباد: جوڈیشل کمپلیکس میں امن و امان کی صورتحال پیدا کرنے کے کیس میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر ہائیکورٹ نے آئی جی اسلام آباد اور انتظامیہ سے سات اپریل تک رپورٹ طلب کر لی۔

اسسٹنٹ کمشنر عبد اللہ کی عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس کی فائل گم ہونے کے کیس کے ساتھ اس کیس کو منسلک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 18 مارچ کے واقعات سے متعلق آئی جی اسلام آباد اور اسلام آباد انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی۔

اسسٹنٹ کمشنر عبد اللہ نے بطور پٹیشنر اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت کا حکم تھا عمران خان امن و امان کی صورتحال پیدا نہیں کریں گے لیکن عمران خان نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی۔ پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس اور جوڈیشل کمپلیکس پر پتھراؤ کیا جس کی وجہ سے پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

پولیس نے عدالتی حکم کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کیے تھے لیکن عمران خان نے 17 مارچ کا عدالت کا ایک حکم بھی نہیں مانا لہٰذا عمران خان کو طلب کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت سات اپریل تک ملتوی کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔