آئرلینڈ اسکواش عادل مقبول ابتدائی راؤنڈ کے مہمان بن گئے

پاکستانی کھلاڑی کو انگلش ایڈم آکلینڈ نے یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے مات دی


Sports Desk April 19, 2014
پاکستانی کھلاڑی کو انگلش ایڈم آکلینڈ نے یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے مات دی۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: ویسٹ آف آئرلینڈ اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں شریک واحد پاکستانی کھلاڑی خواجہ عادل مقبول ابتدائی رائونڈ کے ہی مہمان بن گئے، ایونٹ میں 8 سیڈ کی حیثیت سے شرکت کرنے والے ورلڈ نمبر 100 کو انگلش ایڈم آکلینڈ نے یکطرفہ مقابلے میں 0-3 سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ میں10 ہزارڈالر انعامی رقم کے پی ایس اے ایونٹ کے ابتدائی رائونڈ میں خواجہ عادل مقبول کو عالمی رینکنگ میں 120 ویں نمبر کے انگلش کھلاڑی ایڈم آکلینڈ کا چیلنج درپیش تھا۔ پہلے گیم میں پاکستانی کھلاڑی حریف پلیئر کے جارحانہ انداز کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آئے اور 5 کے مقابلے میں 11 پوائنٹس کی شکست نے انھیں1-0 کے خسارے سے دوچار کردیا۔ دوسرے گیم میں بھی عادل مقبول صلاحیتوں کے مطابق پرفارم نہیں کرسکے اور 6-11 سے ہار کر دو گیم سے پیچھے چلے گئے۔

تیسرا گیم ہی فیصلہ کن ثابت ہوا جس میں ایڈم آکلینڈ نے ایک بار پھر جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور پاکستانی پلیئرایک بارپھر 6-11 سے ہار کر ٹورنامنٹ سے باہرہوگئے۔ فاتح انگلش کھلاڑی نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جہاں پر ان کا سامنا سیکنڈ سکاٹش ایلین کلینے سے ہوگا جو ابتدائی رائونڈ میں بیلجین ہرویگن کو 3-1 سے مات دینے میں کامیاب ہوئے۔ یادرہے کہ پاکستانی کھلاڑی رواں برس 5 انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کرچکے ہیں لیکن ان کی بہترین کاوش فروری میں آئرلینڈ میں کھیلے گئے پرشین اوپن اور مارچ میں پاکستانی سرزمین پر سرکٹ ون اسکواش ایونٹ میں کوارٹر فائنل تک محدود رہی۔ رواں ماہ انھوں نے 3 انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں شرکت کی جن میں فہدالاحمد، پیرس اوپن اور ویسٹ آف آئرلینڈ میں وہ ابتدائی رائونڈ میں ہی شکست سے دوچار ہوگئے۔