ہاتھی نے کیلا چھیل کر کھانا سیکھ لیا ویڈیو وائرل

برلن چڑیا گھر کی انتظامیہ کے مطابق پینگ فا نامی ہتھنی نے انسانوں کو دیکھ کر یہ طریقہ سیکھا ہے


ویب ڈیسک April 14, 2023
برلن چڑیا گھر کی ہتھنی نے انسانوں کو دیکھ کر کیلا کھانا سیکھ لیا ہے۔ فوٹو: لائیو سائنس

ہاتھی عام طور پر کیلا کھانا پسند کرتے ہیں لیکن برلن کے چڑیا گھر کی ایک ہتھنی نے انسانوں کو دیکھ کر کیلا کھانا سیکھ لیا ہے۔ وہ اس عمل میں اپنی سونڈ کو بہت مہارت سے استعمال کرتی ہے۔

اس سے قبل گوریلا اور چمکادڑوں میں بھی یہی صلاحیت دیکھی گئی ہے۔ اگرچہ اکثرہاتھی پھلوں اور کیلوں کو چھلکے سمیت نگل جاتے ہیں لیکن پینگ فا نامی ہتھنی کو چھلکے کے بغیر کیلا زیادہ بھاتا ہے۔

ہتھنی کی اس مہارت پر سائنسدانوں نے بہت غور کیا ہے کہ وہ کیلے کو سونڈ میں پھنسا کر جھٹکا دیتی ہے۔ پھر سونڈ کے حصے سے ہی اس کا چھلکا اتارتی ہے اوربسا اوقات زمین پر دے مارتی ہے۔ اس دھینگامشتی میں گودا باہر آجاتا ہے جسے وہ ہڑپ کرجاتی ہے۔

خیال ہے کہ اس نے تماشائیوں یا خود برلن چڑیا گھر کے عملے کو دیکھ کر اسے سیکھا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہاتھیوں میں انسانوں جیسے پیچیدہ افعال سیکھنے کی غیرمعمولی صلاحیت پائی جاتی ہے۔



ہمبولٹ یونیورسٹی اور برلن میں واقع کمپیوٹیشنل نیوروسائنس کے سائنسدانوں نے اسے ایک غیرمعمولی رویہ قرار دیا ہے۔ اس میں ہتھنی مہارت، رفتار، اور انفرادی انداز میں اپنا کام دکھاتی ہے۔ تاہم اب بھی یہ ہر کیلا نہیں کھاتی بلکہ سبز اور مکمل پکے ہوئے پیلے پھل کھانا پسند کرتی ہے۔ اس کی تفصیلات کرنٹ بایولوجی نامی جرنل میں شائع ہوئی ہے۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اس کی ایک ویڈیو بنائی ہے۔ ویڈیو کو سلوموشن کرکے دیکھا گیا تو اس کی سب سے اہم مہارت سامنے آئی جس میں وہ اپنی سونڈ سے ہی کیلے کا چھلکا اتارنے میں جزوی کامیابی حاصل کرلیتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں