کراچی آگ سے جھلس جانے والی خاتون دوران علاج جاں بحق
لانڈھی مجید کالونی میں جمعے کے روز گھر میں آگ لگنے سے جھلس کر میاں اور بیوی زخمی ہوگئے تھے
لانڈھی مجید کالونی میں گھر میں آگ لگنے سے جھلس کر زخمی ہونے والی خاتون دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔واقعے میں زخمی متوفیہ کا شوہراسپتال میں زیر علاج ہے ۔
تفصیلات کے مطابق قائد آباد کے علاقے لانڈھی مجید کالونی کالا پانی کے قریب 21 اپریل کو دن تقریباً 12 بجے گھر میں آگ لگنے سے جھلس کر میاں اور بیوی زخمی ہوگئے تھے۔
زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا تھا ، زخمی ہونے والی خاتون کی شناخت 30 سالہ تانیہ جبکہ اس کے شوہر کی شناخت محمد عمر کے نام سے کی گئی تھی۔
عیدالفطر کی صبح خاتون سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔
متوفیہ کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے کورنگی ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئی جبکہ اس کا شوہر محمد عمر تاحال اسپتال میں زیرعلاج ہے۔