کورنگی میں بیکری آئٹم بنانے والی کمپنی میں دھماکے سے 6 افراد زخمی
دھماکا کمپنی کے دفتر میں کسی وجہ سے پریشر بننے کے باعث ہوا، ایس ایچ او
کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے بلال چورنگی کے قریب بیکری آئٹم بنانے والی کمپنی میں دھماکے سے 6 افراد زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے سے کمپنی کے دفتر اور کچن سمیت دیگر حصوں کو شدید نقصان پہنچا۔
ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا انسپکٹر اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ دھماکا سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے ہوا ہے تاہم تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ کمپنی کے دفتر میں جس کی چھت فارسلنگ سے بنی ہوئی تھی اس میں کسی وجہ سے گیس کا پریشر بنا جو دھماکے کا سبب بنا اور اس دوران شعلہ بھڑکنے کے ساتھ ساتھ شیشے اور دیگر اشیا ٹوٹنے کی وجہ سے وہاں پر موجود 6 افراد زخمی ہوگئے۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ کمپنی میں آگ نہیں لگی تھی جبکہ ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ ایئر کنڈیشنر کے کمپریسر سے نکلنے والی گیس کی وجہ سے دباؤ بنا تاہم ابھی واقعہ کی مزید چھان بین کی جا رہی ہے.
اورنگزیب خٹک نے مزید بتایا کہ واقعہ میں سیکیورٹی گارڈ سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جنھیں چھیپا کے رضا کاروں نے سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کردیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت 25 سالہ مشتاق ، 30 سالہ نعیم ، 20 سالہ ماٹا ، 30 سالہ بشیر اور 35 سالہ قاسم کے نام سے کی گئی جبکہ ایک زخمی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔
کورنگی فائر اسٹیشن کے انچارج ظفر خان نے بتایا کہ دھماکے کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ ایک گاڑی کے ہمراہ موقع پر پہنچ گیا تھا تاہم دھماکے کے نتیجے میں آگ نہیں لگی تھی ۔