پارکو کی لائن سے تیل چوری کیلئے سرنگ بنانے کے دوران مٹی کا تودا گرنے سے 2 افراد ہلاک

ہلاک افراد کے ساتھی لاشیں گاڑی میں ڈال کر فرار ہورہے تھے، پولیس نے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا


Staff Reporter April 30, 2023
فوٹو: ایکسپریس

پورٹ قاسم روڈ کے قریب گودام میں پارکو کی لائن سے تیل چوری کیلئے سرنگ کی کھدائی کے دوران مٹی کا تودا گرنے سے 2 افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق بن قاسم ٹاؤن تھانے کے علاقے پورٹ قاسم روڈ پرواقع پی ایس او پمپ کے عقب میں واقع الاصف رائس مل کے قریب پولیس نے 2 مشکوک گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی تو گاڑیاں نہیں رکیں جس پر پولیس نے گاڑیوں کا تعاقب شروع کیا اور کچھ فاصلے پرجا کرالخدمت اسپتال کے قریب گاڑیوں کو روکا تو ایک گاڑی میں 2 افراد کی لاشیں موجود تھیں جس پر پولیس نے دونوں گاڑیوں میں سوار 3 ملزمان کو گرفتارکرلیا، گاڑی سے ملنے والی لاشیں پولیس نے فوری تحویل میں لیکر ضابطے کی کارروائی کے لیے جنآح اسپتال منتقل کردیں۔

parco 1

ایس ایچ اوبن قاسم ٹاؤن فراصت شاہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ اتوارکی صبح پورٹ قاسم روڈ پر پولیس پیٹرولنگ کر رہی تھی کہ انہیں سڑک کنارے اعتراض نامی شخص کھڑا دکھائی دیا جسے پولیس پہلے سے جانتی ہے، اعتراض کا گلشن حدید میں اے ٹو زید ہوٹل ہے، جب پولیس نے اعتراض سے پوچھا کہ وہ صبح صبح یہاں کیوں کھڑا ہے تو اعتراض نے بتایا کہ اسے پانی کا کام ہے، اسی دوران ایک گلی سے دوگاڑیاں تیزی سے نکلیں تو پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر اعتراض نے کہا انہیں مت روکو یہ گاڑیاں میرے ساتھ ہیں جس پر پولیس کو شک ہوا اور پولیس نے گاڑیوں کا تعاقب شروع کردیا۔

parco 2

ایس ایچ اوبن قاسم ٹاؤن کے مطابق کچھ فاصلے پر جاکر الخدمت اسپتال کے قریب پولیس نے دونوں گاڑیوں کو روکا تو ایک گاڑی میں 2 فراد کی لاشیں موجود تھیں اور گاڑی میں دو افراد موجود تھے جبکہ دوسری گاڑی میں ایک ہی شخص موجود تھا جس پر پولیس نے تینوں افراد گلبہار شیرازی ، محمد آمین اور زبیر ثاقب کو گرفتارکرلیا اورگرفتار ملزمان نے پوچھ گچھ کے دوران بتایا کہ کہ ایک لاش اعتراض نامی شخص کے بھائی زاہد کی ہے۔

parco 3

پولیس نے گرفتار ملزمان سے مزید تفتش کی تو معلوم ہوا کہ گرفتار اور ہلاک افراد نے قاسم روڈ پرواقع پی ایس او پمپ کے عقب میں واقع الاصف رائس مل کے قریب ایک بڑا گودام کرایہ پر حاصل کیا تھا اورگرفتار ملزمان گودام میں سورنگ کھود کر پارکو کی لائن سے تیل چوری کرنے کی کوشش کر رہے تھے، سرنگ کی کھدائی کے دوران مٹی کا تودا گرنے سے2 افراد دم گھٹنے سے ہلاک ہو گئے، گرفتارملزمان ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں سرنگ سے نکالنے کے بعد گاڑی میں ڈال کر فرار ہو رہے تھے پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

parco 4

پولیس حکام کے مطابق اعتراض نامی ملزم موقع پر سے فرار ہو گیا ہے جس کی تلاش میں چھاپے مارے جا رہے ہیں، ہلاک ہونے والے دوسرے شخص کی تاحال شناخت ممکن نہیں ہوسکی ہے، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔

مقبول خبریں