اسرائیلی فوج کی جارحیت میں مزید 3 فلسطینی نوجوان شہید

نوجوانوں کی شناخت 24 سالہ عبداللّٰہ ابو حمدان، 30 سالہ فاتی ابو رزق اور 32 سالہ محمد ابو زیتون کے نام سے ہوئی


ویب ڈیسک May 22, 2023
رواں برس اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد 156 ہوگئی؛ فوٹو: فائل

مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 3 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تینوں نوجوانوں کو جارحیت پسند اسرائیلی فوج نے نابلس کے پناہ گزین کیمپ میں سرچ آپریشن کے دوران شہید کیا جب کہ 7 فلسطینی زخمی بھی ہوئے جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔

شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 24 سالہ عبداللّٰہ ابو حمدان، 30 سالہ فاتی ابو رزق اور 32 سالہ محمد ابو زیتون کے نام سے ہوئی ہے۔

زخمیوں کو قریبی اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ شہادتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

سرچ آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج نے کئی گھر بھی مسمار کردیے۔ خواتین و بچوں کو ہراساں کیا اور بزرگوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔



60 ایکڑ پر مشتمل نابلس کا یہ کیمپ سب سے بڑا پناہ گزین کیمپ ہے جہاں 30 ہزار فلسطینی مقیم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اسرائیلی فوج کی جارحیت میں 30 بچوں سمیت 170 فلسطینی شہید ہوئے تھے جب کہ رواں برس کے صرف ابتدائی چار میں شہدا کی تعداد 156 ہوگئی۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں