بنگلہ دیشی کپتان بننے کے امیدواروں کی قطار لگ گئی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 23 مئ 2023
افغانستان سے ٹیسٹ میں شکیب کی جگہ سنبھالنے کیلیے آدھی ٹیم سامنے موجود۔ فوٹو: اے ایف پی/گیٹی

افغانستان سے ٹیسٹ میں شکیب کی جگہ سنبھالنے کیلیے آدھی ٹیم سامنے موجود۔ فوٹو: اے ایف پی/گیٹی

کراچی: بنگلہ دیش میں کپتان بننے کے امیدواروں کی قطار لگ گئی جب کہ افغانستان سے واحد ٹیسٹ میں انجرڈ شکیب الحسن کی جگہ سنبھالنے کیلیے تقریباً آدھی ٹیم سامنے موجود ہے۔

بنگلہ دیش کو افغانستان کی تمام فارمیٹس میں میزبانی کرنی ہے، ٹور کا آغاز واحد ٹیسٹ سے ہوگا تاہم کپتان شکیب الحسن انگلی کی تکلیف میں مبتلا ہونے کے سبب یہ میچ نہیں کھیلیں گے۔

عام طور پر کپتان کی عدم موجودگی میں نائب ہی ٹیم کی باگ ڈور سنبھالتا ہے تاہم یہ افواہیں پھیلی ہوئی ہیں کہ لٹن داس یہ ذمہ داری سنبھالنے کو تیار نہیں ہیں ،البتہ ٹیم کے تقریباً آدھے کھلاڑیوں کے دل میں کپتان بننے کی خواہش موجود ہے، ان میں مہدی حسن اور نجم الحسین شانتو بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ون ڈے سپر لیگ؛ بنگلہ دیش نے بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا

اس حوالے سے بنگلہ دیش کے سابق کپتان اور موجودہ ڈائریکٹر اکرم خان نے کہا کہ کہ مہدی حسن اور نجم الحسن مستقبل کے عظیم کھلاڑی ہیں، ان میں قائدانہ صلاحیتیں بھی موجود ہیں، اس وقت شکیب الحسن کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت سنبھالنے کیلیے 5 سے 6 امیدوار موجود ہیں تاہم ان میں کس کو ذمہ داری دی جاتی ہے اس کا فیصلہ موجودہ کپتان، سلیکٹرز اور کوچ کریں گے۔

دوسری جانب صدر بی سی بی نظم الحسن نے لٹن داس کی جانب سے قیادت میں عدم دلچسپی کے حوالے سے لاعلمی ظاہر کر دی، انھوں نے کہاکہ میری شکیب سے بات ہوئی ہے وہ افغانستان سے ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیلنے کے لیے پُرامید ہیں، ٹیسٹ میں ان کی عدم موجودگی میں نائب کپتان کو ہی قیادت سنبھالنا چاہیے، میں نے اس حوالے سے لٹن داس کی جانب سے کچھ بھی نہیں سنا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔