دہشتگردوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہیگا وزیراعلیٰ سندھ

جرائم پیشہ اورملک دشمن عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، وزیراعلیٰ سندھ


Staff Reporter April 26, 2014
جرائم پیشہ اورملک دشمن عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، وزیراعلیٰ سندھ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جمعے اورجمعرات کوکراچی شہر میں ہونے والے بم دھاکوں کاسختی سے نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹرجنرل آف پولیس سندھ اور رینجرز اتھارٹیزکوہدایت کی ہے کہ وہ ان واقعات کی فوری تحقیقات کریں اور جرائم پیشہ اورملک دشمن عناصر کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انھوں نے مزید ہدایت کی کہ شہرمیں پٹرولنگ کے نظام کو موثر اورسڑکوں پررواں دواں گاڑیوں کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے اورکراچی کے داخلی وخارجی پوائنٹس پر بھی کڑی نگاہ رکھی جائے،وزیراعلیٰ سندھ نے دہشتگرد حملوں کی پرزورمذمت کرتے ہوئے کہاکہ یہ بزدلانہ حملے فورسزکے حوصلے پست نہیں کرسکتے،انھوں نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا،انھوں نے کہا کہ اس وقت سندھ پولیس زیادہ مضبوط اور مستحکم اور جدید الات سے آراستہ ہے جس میں مزید بہتر لائی جائے گی تاکہ وہ دہشتگردوں کے خلاف کامیابی سے لڑسکیں،وزیراعلیٰ سندھ اسپتالوں کی انتظامیہ اورمحکمہ صحت کی منیجمنٹ کوہدایت کی کہ وہ زخمیوں کو تمام ترطبی سہولتیں فراہم کریں۔

علاوہ ازیںجمعے کوبیلجیم کے سفیر پیٹرکلیس سے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے یورپی یونین کے ممالک کو صوبے کے بے پناہ وسائل پر سرمایہ کاری کرنے کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور یقین دہانی کرائی کہ بیرونی سرمایہ کاری کرنے والوں کوٹیکس اور دیگرمراعات کے ساتھ ساتھ تمام سہولتیں حکومت سندھ کی طرف سے مہیا کی جائیں گی،انھو ںنے کہا کہ کراچی کوجغرافیائی لحاظ میں جنوبی ایشیا کے ممالک کیلیے گیٹ وے کی حیثیت حاصل ہے جس کی بدولت ایک جانب توصوبہ سندھ میں سرمایہ کاری ،کاروبار و تجارت کوفروغ حاصل ہوگا تو دوسری جانب سندھ حکومت اور لوگوں سے برادرانہ تعلقات مستحکم ہونگے، بیلجئیم کے سفیر پیٹر کلیس نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبہ سندھ میں تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

مقبول خبریں