ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل برآمدات2ارب ڈالر سالانہ بڑھانے کی پلاننگ کر لی وفاقی وزیر ٹیکسٹائل

مقامی ٹیکسٹائل انڈسٹری بدقسمتی سے صرف چند روایتی ویلیوایڈڈ مصنوعات کی مینوفیکچرنگ تک محدود ہے،عباس آفریدی


Ehtisham Mufti April 27, 2014
حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش انفرااسٹرکچرل مسائل کے حل کو ترجیح دے رہی ہے، عباس آفریدی فوٹو: فائل

وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری نے روئی کی ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینے اور ویلیوایڈڈ مصنوعات کی تعداد بڑھانے کے لیے باقاعدہ منصوبہ بندی کرلی ہےجس کے ذریعے پاکستان سے ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کو سالانہ بنیادوں پر2 ارب ڈالر بڑھایا جائے گا۔

وفاقی وزیر ٹیکسٹائل انڈسٹری عباس خان آفریدی نے ''ایکسپریس'' سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ مقامی ٹیکسٹائل انڈسٹری بدقسمتی سے صرف چند روایتی ویلیوایڈڈ مصنوعات کی مینوفیکچرنگ تک محدود ہے جبکہ پاکستان کے حریف ممالک کی ویلیوایڈڈ انڈسٹری کاٹن کی ویلیو ایڈیشن کو ترجیح دیتے ہوئے نت نئی پروڈکٹس عالمی منڈیوں میں متعارف کرکے نہ صرف کثیرقیمتی زرمبادلہ کمارہے ہیں بلکہ بین الاقوامی تجارت میں اپنا حصہ بھی بڑھا رہے ہیں۔ عباس آفریدی نے بتایا کہ وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی جانب سے ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل مصنوعات کی تعداد اور برآمدات بڑھانے سمیت دیگر معاملات پر منصوبہ بندی کا باقاعدہ مسودہ مرتب کیا جا رہا ہے جسے جلد ہی وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے ساتھ مشاورت کے بعد منظوری کے لیے وزیراعظم نوازشریف کو پیش کردیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کو درپیش انفرااسٹرکچرل مسائل کے حل کو ترجیح دے رہی ہے جبکہ مشترکہ حکمت عملی کے تحت امریکی ڈالر کی قدر کو بھی کنٹرول کرلیا گیا ہے جس سے آنے والے دنوں میں ٹیکسٹائل سمیت دیگر شعبوں کے برآمدکنندگان کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ ممکن ہوسکے گا جبکہ انکی پیداواری لاگت میں بھی نمایاں کمی واقع ہوگی۔ ایک سوال پر وزیرٹیکسٹائل نے بتایا کہ ٹیکسٹائل پالیسی برائے2015 تا2019 کے لیے وزارت متحرک ہے اور اس ضمن میں متعلقہ اسٹیک ہولڈرز اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی ایسوسی ایشنز سے مئی کے اختتام تک تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی نئی ٹیکسٹائل پالیسی مرتب کی جائے گی جس پر عمل درآمد یقینی ہو اور مطلوبہ نتائج بھی برآمد ہوسکیں۔

مقبول خبریں