برازیل میں ہونے والے پرتشدد واقعات کے باوجود فیفا چیف اور جنرل سیکریٹری مطمئن

ورلڈ کپ پر سیکیورٹی خدشات مسترد ، مظاہرے میگا ایونٹ کو متاثر نہیں کرسکتے، جنرل سیکریٹری


Sports Desk April 28, 2014
ورلڈ کپ پر سیکیورٹی خدشات مسترد ، مظاہرے میگا ایونٹ کو متاثر نہیں کرسکتے، جنرل سیکریٹری۔ فوٹو: فائل

فیفا چیف سیپ بلاٹر اور جنرل سیکریٹری جیروم والکے نے برازیل میں ہونیوالے ورلڈ کپ سے قبل سیکیورٹی خدشات مسترد کردیے۔

تفصیلات کے مطابق فیفا چیف نے رواں برس برازیل میں ہونیوالے ورلڈ کپ سے قبل سیکیورٹی خدشات مسترد کردیے ہیں ۔ 12 جون کے افتتاحی میچ سے دو ماہ قبل رواں ہفتے ریو کی کوپاکابانا بیچ پر پرتشدد مظاہروں میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا ۔ بلاٹر کہتے ہیں بے شک وہاں سیکیورٹی مسائل ہیں لیکن اس کا تعلق حکومت سے اور یہ ان کی جانب سے ہم سے کیے گئے ایک معاہدے کا حصہ ہیں ، فیفا سیکیورٹی کی ضمانت نہیں دے سکتی ہے ۔ بلاٹر یہ بھی کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ کے آغاز میں چند مسائل بھی ہیں، برازیل میں تین اسٹیڈیمز ابھی تک مکمل نہیں ہوئے ہیں۔

ادھر فیفا سیکریٹری جنرل جیروم والکے کہتے ہیں کہ ریو ڈی جنیرو میں ہونیوالے مظاہرے ورلڈ کپ کو نقصان نہیں پہنچا سکتے ہیں۔سات میچز سمیت 13 جولائی کے فائنل کی میزبانی کرنیوالا شہر ریو پرتشدد مظاہروں اور ایک جھونپڑ پٹی کے مکینوں اور پولیس کے درمیان جھڑپوں سے متاثر ہے۔ ایک رقاص کی ہلاکت کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے ، دوستوں اور خاندان نے الزام لگایا ہے کہ وہ پولیس فائرنگ سے ہلاک ہوا ہے۔

مظاہروں کے دوران ایک 27 سالہ نوجوان بھی شدید زخمی ہوا ہے۔ والکے نے رپورٹرز کو بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ اور غم کا سبب ہے لیکن اس پر یہ کہنا کافی نہیں کہ ورلڈ کپ کو کوئی خطرہ ہے۔ شمالی شہر فورٹالیزا میں بات کرتے ہوئے فیفا سیکریٹری جنرل کہتے ہیں کہ مجھے کئی پیغامات موصول ہوئے ہیں جس میں پوچھا گیا ہے کہ کیا برازیل میں خانہ جنگی ہے جس کا میں نے نفی میں جواب دیا ہے۔ جمعے کو انھوں نے ریو میں برازیل کے ورلڈ کپ تیاریوں کے تازہ ترین معائنے ختم کیا ہے۔