ریمبو اور صاحبہ نے شادی شدہ زندگی کو خوشگوار بنانے کے تین اہم راز بتادیے

ویب ڈیسک  بدھ 7 جون 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی کامیاب جوڑیوں میں سے ایک ریمبو (افضال خان) اور صاحبہ نے ازدواجی زندگی کو خوشگوار بنانے کے اہم راز بتا دیے۔

ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام ٹاک شاک میں گفتگو کرتے ہوئے ریمبو نے کہا کہ سب سے پہلے تو میاں بیوی کو اس چیز کا خیال رکھنا چاہیے کہ اُن کے درمیان ہونے والی لڑائی کا کسی تیسرے کو معلوم نہ ہو اور سوشل میڈیا سے اس کو بچائیں کیونکہ سوشل میڈیا سوکن کا کردار ادا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ اچھے دوست ہوتے ہیں مگر جب انہیں میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کا علم ہوتا ہے تو وہ کان بھرتے ہیں اور اگر لڑکی یا لڑکے کی فیملی میں بات چلی جائے تو پھر وہ اپنے مشورے دے کر بگاڑ پیدا کرتے ہیں، بہت کم ہی لوگ ایسے ہیں جو اچھے اور نبھانے والے مشورے دیتے ہیں۔

افضال خان نے کہا کہ اگر بات باہر نہیں نکلے گی تو زیادہ سے زیادہ ایک دن میں صلح ہوجائے گی۔

اس سوال کے جواب میں صاحبہ نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ کسی عورت کی زندگی سے متاثر نہ ہوں اور اگر ایسا کرنا مقصود ہے تو پھر اُس کی عادات جیسے سچ بولنا، عزت کرنا وغیرہ ہیں سے متاثر ہوں کیونکہ وہ اگر دوسروں کی چیزوں سے متاثر ہوکر اپنی زندگی موازنہ کریں گی تو اس سے شوہر تنگ آجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’سب سے اہم بات یہ ہے کہ لڑکی کو اپنے شوہر کی فیملی کی عزت کرنا چاہیے،ہمارے ہاں ہمیشہ ساس کو برا کہا جاتا ہے مگر بہت ساری بہوئیں بھی تباہی مچا دیتی ہیں‘۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔