بجٹ 2023-24 نوجوان کی ترقی کاروبار اور روزگار کا تاریخی بجٹ ہے، وزیراعظم

ویب ڈیسک  منگل 13 جون 2023
فوٹو:فائل

فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ 2023-24 نوجوان کی ترقی کاروبار اور روزگار کا تاریخی بجٹ ہے، مایوسیوں کو مٹانا، ملک و قوم کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی سے نیا اعتماد اور امید بحال کرنا ہوگی۔  

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ مالی سال پاکستان اور عوام کی آمدن بڑھانے کا سال ثابت ہوگا، اِن شاءاللہ۔ صنعت، زراعت، آئی ٹی، توانائی کے شعبوں میں تیزی سے ترقی اور معاشی استحکام کا بجٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار مانگنے والے کے بجائے روزگار دینے والا کاروباری بنانے کے مواقع شامل ہیں، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں اور نوجوان کا مستقبل سنوارنا ہمیشہ کی طرح میری اولین ترجیح ہے۔ آئی ٹی، زراعت اور صنعت میں کاروبار کے آغاز سے نوجوانوں کو پاکستان کی ترقی کے معمار بنانا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ، چھوٹے اور رعایتی قرض دے رہے ہیں۔ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے بجٹ میں آئی ٹی کاروبار میں ٹیکس کی چھوٹ دی ہے۔ 2 ہزار ارب روپے سے زائد کسان پیکج سے زراعت اور کسان کی بہتری کا سفر مزید تیز ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجٹ 2023-24 کے ذریعے زرعی شعبے کے لیے مراعات جاری رکھیں گے، اِن اقدامات سے غذائی تحفظ حاصل ہوگا، نوجوانوں کو زرعی ترقی میں حصہ دار بنا رہے ہیں۔ کسانوں، نوجوانوں کو زرعی اور کاروباری قرضہ جات سے کسان، نوجوان اور پاکستان خوش حال ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔