تھری جی ٹیکنالوجی ملک میں نئی ملازمتوں کے کئی مواقع پیدا کرے گی اشعر یعقوب

تھری جی زندگی کے عمومی معیار کو بلند کرنے کے علاوہ کاروبار کرنے کے طریقہ کار اور معیار کو بھی بلند کرے گی، اشعر یعقوب


تھری جی زندگی کے عمومی معیار کو بلند کرنے کے علاوہ کاروبار کرنے کے طریقہ کار اور معیار کو بھی بلند کرے گی، اشعر یعقوب۔ فوٹو: فائل

یوفون کے سی ای او اشعریعقوب خان نے کہا ہے کہ تھری جی ٹیکنالوجی پاکستان میں جی ڈی پی کو بڑھانے، بنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، پیداواری صلاحیت میں اضافے سمیت ملک میں نئی ملازمتوں کے کئی مواقع پیدا کرے گی۔

اقتصادی رساؤ کو کم کرنے کے ساتھ زرعی شعبے کی کارکردگی کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی، سماجی رابطوں میں بہتری اور آن لائن شاپنگ کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار یوفون کے سی ای او اشعریعقوب خان نے ''ایکسپریس'' کے لیے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجی صارفین کی زندگی کو آسان تر بنانے میں معاون ثابت ہوگی، روزمرہ کے بہت سے کام اب موبائل فون سے کیے جاسکیں گے، تھری جی زندگی کے عمومی معیار کو بلند کرنے کے علاوہ کاروبار کرنے کے طریقہ کار اور معیار کو بھی بلند کرے گی اور معیشت کی بہتری میں بھی اس سے مدد ملے گی تاہم پاکستان کا شمار دنیا میں ٹیلی کام سیکٹر پر ٹیکسز کے حوالے سے سرفہرست ملکوں میں کیا جاتا ہے جس سے ٹیلی ڈینسٹی میں اضافے کی کوششوں پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

ٹیلی کام سیکٹر تک رسائی بڑھاتے ہوئے معاشی تبدیلی کے لیے ٹیکسز کی شرح کو کم کرکے معقول سطح تک لانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی بلند شرح، انفرااسٹرکچر کی لاگت، بجلی کا بحران، لائسنس کی قیمت، سیکیورٹی مسائل، نیٹ ورک کی بندش اور تجارتی سرگرمیوں پر ریگولیٹری رکاوٹیں تھری جی سروس کی قیمت میں کمی کے لیے اہم چیلنجز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تھری جی سے پاکستان میں سوشل میڈیا کا منظرنامہ بھی تیزی سے تبدیل ہوگا، بڑے مواد تک آسان رسائی کے ساتھ کسٹمر کی مشغولیت میںاضافہ ہو جائے گا جس سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے استعمال کا تجربہ بہتر ہو گا، یہ نہ صرف زیادہ صارفین پیدا کرے گا بلکہ دنیا کے ساتھ ہر وقت منسلک رہنے کے مجموعی تجربے کو بہتر بنائے گا، انٹرنیٹ کے استعمال میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔

ڈائون لوڈنگ کی رفتار بہتر ہونے سے مختلف ایپلی کیشنز اور آن لائن سروسز بشمول آن لائن شاپنگ کا رجحان فروغ پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوفون صارفین کی آگہی کے لیے بھی بھرپور کردار ادا کرے گا تاکہ صارفین کو بتایا جاسکے کہ تھری جی سروسز سے کس طرح زیادہ موثر اور بہتر استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوفون تھری جی سروس رول آئوٹ کے لیے پی ٹی اے کے انفارمیشن میمورنڈم کے مطابق عمل درآمد یقینی بنائے گا، کمسٹمرز کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے بہترین کوریج اور مکمل تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون پر تیز رفتار انٹرنیٹ کا فائدہ یہ بھی ہے کہ بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ کے باوجود صارفین اپنے فون پر اس سہولت سے مستفید ہوتے رہیں گے۔

یوفون صارفین کی ضروریات پوری کرنے کیلیے خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی سروسزفراہم کرے گا اور تھری جی کے ساتھ مستقبل میں بھی نئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے مختلف اور مخصوص خدمات کی فراہمی جاری رکھے گا۔ اشعر یعقوب نے کہا کہ یوفون نے پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ دونوں طرح کے صارفین کے لیے تجرباتی بنیادوں پر تھری جی سروس کی مفت فراہمی کا لاہور سے آغاز کردیا ہے،آزمائشی سروس صارفین کو تھری جی اور اس سے منسلک متعدد فوائد کا تجربہ دے گی تاہم تھری جی کے حقیقی فوائد صارفین اس وقت محسوس کریں گے جب یہ سروس کسی رکاوٹ کے بغیر پورے کوریج ایریا میں دستیاب ہوگی۔

یوفون تھری جی کے بلا تعطل استعمال کو ممکن بنانے کے لیے کنیکٹیویٹی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنائے گا۔ تھری جی سروس کی قیمت کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ تھری جی کے ٹیرف ہرممکن طور پر آسان اور کسٹمر فرینڈلی رکھے جائیں گے، یوفون سب سے بہترین پیکیج فراہم کرے کے لیے ہرممکن تبدیلی کو یقینی بنائے گا، انتہائی کم قیمت میں عالمی معیار کی سروس کی فراہمی یوفون کی شناخت ہے اور یہی اصول تھری جی کے ساتھ بھی اختیار کیا جائے گا۔

مقبول خبریں