جھل مگسی گیس منصوبے پردوبارہ کام کا آغاز
جدید گیس پراسسنگ پلانٹ 13.7ایم ایم ایس سی ایف یومیہ پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتا ہے
ملک میں توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کوپورا کرنے کے تناظر میں جھل مگسی گیس منصوبے پر کام کا دوبارہ آغاز کردیا گیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( او جی ڈی سی ایل) اس جدید گیس پراسسنگ پلانٹ کے منصوبے پر کام کررہی ہے جو 13.7ایم ایم ایس سی ایف یومیہ پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اس منصوبے پر کام کے دوبارہ آغاز سے ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو کسی حد تک پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
پلانٹ کی تنصیب جھل مگسی میں او جی ڈی سی ایل کے تیل اور گیس کی مزید دریافت اور پیداوار کے عزم کی عکاس ہے۔
کمرشل آپریشنز کے علاوہ کمپنی نے تعلیم، صحت، پانی اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں فلاحی کاموں کے ذریعے مقامی آبادی کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے اپنے عزم کو بھی اجاگر کیا ہے۔
صحت کی سہولیات کو بڑھانے کی کوششوں کے طور پر او جی ڈی سی ایل نے جھل مگسی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کو ایمبولنس فراہم کی ہے۔اس کے علاوہ پینے کے صاف پانی کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریورس اوسموسس(آر او) پلانٹ بھی نصب کیا ہے۔