بِندیا کیوں لگائی ٹیچر کے تھپڑ مارنے پر16سالہ طالبہ نے خودکشی کرلی

ٹیچر نے بندیا لگا کر اسکول آنے پر طالبہ کو تھپڑ مارا تھا


ویب ڈیسک July 12, 2023
بھارت میں اسکول انتظامیہ نے طالبات کو بندیا لگا کر آنے سے منع کردیا تھا؛ فوٹو: فائل

بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں دسویں جماعت کی 16 سالہ طالبہ کو ٹیچر نے تھپڑ مارا تھا جس پر طالبہ نے دل برداشتہ ہوکر خودکشی کرلی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق 16 سالہ طالبہ اُوشا کماری نے اپنے کمرے میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ لڑکی کے والدین نے اپنی بچی کی موت کا ذمہ دار اسکول کی ٹیچر اور پرنسپل کو قرار دیا۔

لڑکی کے والدین نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ اُوشا کماری کو ماتھے پر بندیا لگا کر آنے پر ڈانٹا تھا اور ٹیچر نے ایک تھپڑ بھی مارا تھا جس پر اوشا دل برداشتہ تھی۔

والدین نے بیان میں کہا کہ بچی جب سے اسکول سے آئی ہے پریشان تھی اور رو رہی تھی۔ خود کو کمرے میں بند کرلیا۔ ہم سمجھے سو گئی ہے۔ کھانا کے لیے دروازہ بجایا لیکن اس نے نہیں کھولا۔

والدین نے مزید بتایا کہ دروازہ توڑ کر کمرے میں داخل ہوئے تو ہماری بچی کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی تھی۔ لڑکی نے خودکشی سے قبل ایک نوٹ بھی لکھا جس میں خودکشی کا ذمہ دار پرنسپل اور ٹیچر کو ٹھہرایا گیا تھا۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا جب کہ پرنسپل اور تھپڑ مارنے والی ٹیچر کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔