بیشتر اجناس کی عالمی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے کمی

خام تیل، سونا، چاندی، تانبہ، ایلومینیم، ٹین، کلئی اوردیگر صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی


AFP May 04, 2014
چینی کی قیمت 3 ڈالر کمی سے476ڈالر فی ٹن، پلاٹینم و پلاڈیم کے دام بڑھ گئے۔ فوٹو: فائل

اجناس کی عالمی منڈیوں میں گزشتہ ہفتے بیشتر اشیا کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی، کاروباری ہفتے کے اختتام پر جمعہ کو لندن کی انٹرکانٹینینٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی جون میں فراہمی کے لیے قیمت 108.59 ڈالر فی بیرل ہوگئی جو ہفتے کے آغاز پر109.46 ڈالر فی بیرل تھی جبکہ نیویارک مرکنٹائل ایکسچینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹر میڈیٹ یا لائٹ سوئٹ خام تیل کی جون میں ترسیل کے لیے قیمت 100.76 ڈالر سے گھٹ کر99.76 فی بیرل پر آگئی۔

لندن بلین مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران سونے کی قیمت زبردست اتارچڑھائو کے بعد 1 ڈالر کی کمی سے 1300 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ چاندی کی قیمت 19.66 ڈالر سے کم ہو کر 19.17 ڈالر فی اونس ہوگئی، لندن پلاٹینم و پلاڈیم مارکیٹ میں پلاڈیم کی قیمت 1418 ڈالر سے بڑھ کر 1425ڈالر اور پلاڈیم کی قیمت 11 ڈالر کے اضافے کے نتیجے میں 805 ڈالر سے بڑھ کر 816 ڈالر فی اونس ہو گئی، لندن میٹل ایکس چینج میں تانبے کی قیمت 118 ڈالر کی کمی سے 6648 ڈالر فی ٹن، ایلومینیم کی قیمت 81 ڈالر گھٹ کر1775ڈالر فی ٹن، ٹین کی قیمت 770 ڈالر کی کمی سے 22ہزار930 ڈالر فی ٹن، کلئی کی قیمت 259 ڈالر کم ہو کر18ہزار150 ڈالر فی ٹن اور جست کی قیمت 48.5 ڈالر کی کمی سے 2012 ڈالر فی ٹن ہوگئی، سفید چینی کی عالمی قیمت 3ڈالر کی کمی سے 476 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔