نئے کرکٹرز کی تلاش کیلئے پشاور زلمی کا ٹیلنٹ ہنٹ جمعہ سے کراچی میں شروع ہوگا
ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کے بعد نوجوان کرکٹرز اوپن ٹرائلز میں شریک ہوسکتے ہیں
سندھ میں کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پشاور زلمی کا ٹیلنٹ ہنٹ جمعہ سے کراچی میں شروع ہوگا۔
پروگرام کے تحت 21 جولائی کو کراچی، 22 جولائی کو حیدرآباد اور لاڑکانہ ریجن کے ٹرائلز طے ہیں، 30 جولائی کو شارٹ لسٹ پلیئرز کے درمیان میچ ہوگا۔
راشد لطیف اکیڈمی گلبرگ میں سابق ٹیسٹ کپتان اور پشاور زلمی کے صدر انضمام الحق، سابق قومی کپتان راشد لطیف، ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم اور سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر کامران اکمل ٹرائلز لیں گے۔
پشاور زلمی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر ٹرائلز کے حوالے سے رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے، رجسٹریشن کے بعد نوجوان کرکٹرز اوپن ٹرائلز میں شریک ہوسکیں گے۔
پشاور زلمی کے چیرمین جاوید آفریدی نے کہا ہے کہ پشاور زلمی پورے پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینا چاہتی ہے۔ پشاور کے بعد کراچی میں اوپن ٹرائلز سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔
جاوید آفریدی نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں اور شہروں میں بھی اوپن ٹرائلز منعقد کریں گے۔ اوپن ٹرائلز کے بعد پورے پاکستان کے بہترین پندرہ نوجوان کرکٹرز پر مشتمل ٹیم بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سب سے بہترین ٹیلنٹ کو پی ایس ایل 9 میں بھی موقع فراہم کیا جاسکتا ہے۔ ساتھ ہی پشاور میں بھی نوجوان کرکٹرز کے میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کی معروف فرنچائز پشاور زلمی کی جانب سے نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے پہلے مرحلے میں مئی میں پشاور میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔