کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور مبینہ مقابلے میں 21 ملزمان گرفتار

گرفتارشدگان میں مبینہ طور پر ایڈیشنل آئی جی کراچی پر حملہ کرنیوالاملزم بھی شامل ہے


Staff Reporter May 05, 2014
رنچھوڑ لائن اور پٹیل پاڑہ میں رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن،10ملزمان کو حراست میں لے لیاگیا۔ فوٹو: فائل

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن اور مبینہ مقابلے کے دوران زخمی ملزم سمیت21 مبینہ ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

گرفتار ملزمان میں مبینہ طور پر ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات پر حملہ کرنے والے ملزم اور بھتہ خور سمیت دیگر جرائم میں ملوث ملزمان شامل ہیں، تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ساؤتھ کی اسپیشل ٹیم نے مبینہ ملزم رضوان عرف سکھر والا کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزم نے موجودہ ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات کو 1995میں مقابلے کے دوران فائرنگ کر کے زخمی کیا تھا، اس وقت شاہد حیات اے ایس پی اورنگی ٹائون تعینات تھے۔

ایس ایس پی ساؤتھ کی اسپیشل پارٹی کے انچارج انسپکٹر فاروق ستی سے رابطہ کیا گیاتو انھوں نے بتایا کہ میری پولیس پارٹی نے رضوان عرف سکھر والا کو گرفتار نہیں کیا، انھوں نے کہا کہ رضوان عرف سکھر والا ملزم کی گرفتاری ہوئی ضرور ہے تاہم کس نے گرفتار کیا ہے اس بارے میں معلوم نہیں، ایڈیشنل آئی جی کراچی کے ترجمان انسپکٹر عتیق شیخ نے رضوان کی گرفتاری سے لاعلمی ظاہر کی، ذرائع کے مطابق مبینہ ملزم رضوان کو سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے25 اپریل کو گلشن اقبال بلاک 13/D3 باغ مہران کے قریب ہوٹل پر جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ بیٹھا تھا اسے حراست میں لیا تھا، ذرائع نے بتایا کہ رضوان ایک سیاسی تنظیم کا کارکن ہے، پولیس نے رضوان پر پولیس افسر سمیت 3 افراد کو قتل اور ایڈیشنل آئی جی کو زخمی کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔

رینجرز نے رنچھوڑ لائن اور پٹیل پاڑہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران سیاسی تنظیم کے 3بھتہ خور سمیت10ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے ، پکڑے جانے والے مبینہ ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ، فیروز آباد پولیس نے شہید ملت روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے مقابلے کے بعد ملزم عمران ولد دلاور کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر نے کا دعویٰ کیا ہے ، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے2 ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔

کورنگی پولیس نے کورنگی نمبر2میں تاجر محمد آصف سے بھتہ طلب کرنے والے ملزم ندیم نثار کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ، ایس ایچ او ماڑی پور انسپکٹر چوہدری سلیم نے پولیس پارٹی کے ہمراہ ہاکس بے روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے لوٹ مار کرنے والے 5ملزمان شاہ رخ ، قیصر نواز ، احمد فراز ، رحیم بخش اور عظیم عرف چڑیل کو گرفتار کر کے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ، موچکو پولیس نے ایرانی ڈیزل فروخت کرنے والے ملزم جمشید کو گرفتار کر لیا ، اورنگی ٹائون پولیس نے نشان حیدر چوک کے قریب کارروائی کرتے ہوئے2 ملزمان کو پکڑ لیا۔