وفاقی وزیر خزانہ کے بجٹ اجلاس طلب نہ کرنے پر تاجر مایوس

اسحاق ڈار مشاورت کیلیے فوری طور پر تاجروں کے ساتھ اجلاس بلائیں، عبداللہ ذکی


Business Reporter May 06, 2014
کاورباری برادری کی تجاویز کو شامل کر کے کاروبار وصنعت دوست بجٹ لایا جائے، صدر کراچی چیمبر فوٹو: فائل

کراچی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت پاکستان بھر کے چیمبرزآف کامرس کے صدور نے مالی سال2014-15 کے وفاقی بجٹ سے قبل حکومت کو دی جانے والی مشترکہ بجٹ تجاویز پربحث کے لیے تاحال وفاقی وزیرخزانہ کی جانب سے مشترکہ اجلاس طلب نہ کیے جانے پر مایوسی کا اظہارکرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارسے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک بھرکے تمام چیمبرز کی مرتب کردہ مشترکہ بجٹ تجاویز پر مشاورت کے لیے فوری طور پر تاجروں کے ساتھ اجلا س طلب کریں تاکہ تاجروں کی وفاقی حکومت کو ارسال کی گئی بجٹ تجاویز پر تفصیلی روشنی ڈالی جاسکے اور ان تجاویز پر حکومت کا ردعمل سنا جاسکے۔

کراچی چیمبرکے صدرعبداللہ ذکی نے کہا ہے کہ ملک بھرکے تمام چیمبرز آف کامرس نے اتفاق رائے سے کراچی چیمبر آف کامرس پرمکمل اعتماد کرتے ہوئے مشترکہ بجٹ تجاویزمرتب کرنے پر اتفاق کیا تھا، اس ضمن میں کے سی سی آئی نے 4 فروری 2014 کو کراچی میں '' آل پاکستان چیمبرزپری بجٹ کانفرنس'' کا اہتمام کیا جبکہ 20 اپریل کو فیصل آباد میں'' آل صدور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی آف پاکستان پری بجٹ سیمینار'' کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد ملک بھرکے تمام چیمبرز کی مشترکہ طور پر مرتب کردہ تجاویز پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبرنے وفاقی بجٹ برائے 2014-15کے حوالے سے جامع مشترکہ بجٹ تجاویز مرتب کر کے وفاقی حکومت کو ارسال کر دی ہیں اور ان بجٹ تجاویز پر تفصیلی روشنی ڈالنے کے لیے مورخہ 15 اپریل 2014 کو وفاقی وزیر خزانہ کو ایک خط ارسال کیا گیا تھا جس میں ان سے ملاقات کے علاوہ چیمبرز کے ساتھ مشترکہ اجلاس بلانے کی درخواست کی گئی تھی لیکن تاحال وفاقی وزیر خزانہ نے کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی کسی قسم کی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جس سے تاجر برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجربرادری معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کاروبار ہو یا پھر صنعتی سرگرمیوں کا فروغ، یہ سب تاجر و صنعتکار برادری کی ہی مرہون منت ہے لہٰذا معاشی و صنعتی ترقی کو یقینی بنانے کیلیے تاجر وصنعتکار برادری کو اہمیت دینے کی ضرورت ہے اور معاشی پالیسیوں بالخصوص نیابجٹ مرتب کرنے سے قبل تاجر و صنعتکار برادری کی ارسال کردہ تجاویز پر تبادلہ خیال کیا جائے اور تاجر برادری کے اشتراک سے ایسا بجٹ مرتب کیا جائے جس سے کاروباری ماحول بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ٹیکس نیٹ میں اضافہ ممکن بناتے ہوئے اسمگلنگ کی روک تھام کی جاسکے۔

مشترکہ اجلاس بلانے سے تاجروں کی تجاویز کی روشنی میں بہتر بجٹ مرتب کیاجاسکتا ہے جو ملکی ومعاشی ترقی کا باعث ہوگا۔کراچی چیمبر آف کامرس نے ملک بھرکے تمام چیمبرز کے اتفاق رائے سے وفاقی وزیرخزانہ سے فوری طور پر مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ آنے والے بجٹ میں تاجربرادری کی تجاویز کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کر کے کاروبار و صنعت دوست بجٹ لایا جائے تاکہ کاروباری و صنعتی ترقی کا پہیہ بلارکاوٹ گھومتا رہے۔