سپر ہائی وے پر مسافر کوچ کی چھت سے گر کر کنڈیکٹر ہلاک

گاڑی کی ٹکر سے2موٹرسائیکل سوارزخمی،ماڈل کالونی سے ایک شخص کی لاش ملی


Staff Reporter May 06, 2014
نیو کراچی میں صبا سینما چورنگی کے قریب رکشا الٹنے سے 4 افراد زخمی, فوٹو: فائل

سپر ہائی وے پر چلتی ہوئی کوچ کی چھت سے گر کرکنڈیکٹر ہلاک ہوگیا۔

ماڈل کالونی سے ایک شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا دیگر ٹریفک حادثات میں6افراد زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب اندرون سندھ سے کراچی آنے والی بلاول کوچ کا کنڈیکٹر24 سالہ ناصر شاہ چلتی ہوئی بس کی چھت سے سامان اٹھاتے ہوئے توازن برقرار نہ رکھ سکا اور نیچے گر کر اپنی ہی کوچ کے پہیوں تلے کچل کر ہلاک ہوگیا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لائی گئی ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کا آبائی تعلق میر پورخاص سے تھا ، پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ،ماڈل کالونی ملیر ہالٹ کے قریب جھاڑیوں سے 60 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ضابطے کی کارروائی کے لئے جناح اسپتال پہنچایا ، پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے جبکہ ہلاک ہونے والا شخص نشے کا عادی تھا جو زائد مقدار پینے کی وجہ سے ہلاک ہوگیا ، پولیس نے لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے حوالے کر دی ۔

شارع فیصل اسٹار گیٹ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 2 افراد 29 سالہ عامر اور 32 سالہ دلشاد زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا جبکہ نیو کراچی صبا سینما چورنگی سے ایوب گوٹھ جانے والی سڑک پر چنگ چی رکشا ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد امام بخش ، دھنی بخش ، فدا حسین اور رحیم داد زخمی ہوگئے۔