برنس روڈ 8 ماہ کی بچی بازیاب ملزمہ اور اس کا بھائی گرفتار

پولیس اور سی پی ایل سی کی کارروائی، ملزمہ مصباح اور اس کے بھائی نے کمرشل میں کام دلوانے کے بہانے بچی کواغواکیا تھا


Staff Reporter May 07, 2014
ملائیکہ کو اغوا کرنے والے ملزمان بہن بھائی آرٹلری میدان پولیس کی تحویل میں ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

آرٹلری میدان پولیس نے سی پی ایل سی کی مدد سے برنس روڈ میمن اسپتال کے قریب ایک عمارت پر چھاپہ مار کر 8 ماہ کی بچی کو بازیاب کرا کر خاتون اور اس کے بھائی کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان نے ٹی وی کمرشل میں کام دلوانے کے بہانے بچی کو2روز قبل مقامی ہوٹل میں بلوا کر اغوا کرلیا تھا، تفصیلات کے مطابق آرٹلری میدان پولیس نے سی پی ایل سی کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے برنس روڈ پر واقع شہاب الدین مینشن کے ایک فلیٹ پر چھاپہ مار کر مغویہ 8 ماہ کی ملائیکہ فاطمہ دختر جنید کو بازیاب کراتے ہوئے ملزمہ مصباح خان عرف مشی اور اس کے چھوٹے بھائی راحیل عرف سمر کو گرفتار کرلیا، ایس ایچ او آرٹلری میدان انسپکٹر علی رضا نے بتایا کہ ملزمان نے مقامی فور اسٹار ہوٹل سے بچی کو اغوا کیا تھا، مغویہ ملائیکہ کے والدین ملیر سعود آباد کے رہائشی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے2ماہ قبل اخبار میں ٹی وی کمرشل کیلیے 6 ماہ کی بچی کی ضرورت کا اشتہار دیا تھا، مغویہ شیر خوار بچی کے والد جنید نے پولیس کو بتایا کہ اخبار میں اشتہار دیکھ کر انھوں نے ملزمان سے رابطہ کر کے اپنی بچی کے کمرشل میں کام کے لیے پیشکش کی تھی جس پر ملزمہ مصباح عرف مشی اور راحیل عرف سمر نے کلفٹن کے علاقے میں واقع ہوٹل میں ہمیں بلوایا تھا، ملزمہ نے ہم سے ملاقات کی اور بچی کی تصاویریں بنوائیں اور کہا کہ ہم کچھ دنوں میں آپ سے رابطہ کریں گے۔



بعدازاں پیر کو ملزمہ نے ہمیں پی آئی ڈی سی چوک کے قریب ایک ہوٹل کی لابی میں بلوایا جہاں مذکورہ ملزمان نے ہم سے ملاقات کی اور اس دوران ملزمہ نے کمال ہوشیاری سے کام لیتے ہوئے مغویہ بچی کے والدین سے موبائل فونز لینے کے بعد بچی ملائیکہ کو تیار کرانے کے بہانے لے کر فرار ہوگئی ، جب وہ 2 سے4گھنٹے گزرنے کے باوجود بچی کو لے کر واپس نہ لوٹی تو انھیں تشویش ہوئی اور انھوں نے بچی کی ہوٹل میں تلاش شروع کر دی اور نہ ملنے پر پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔

پولیس نے سی پی ایل سی کی مدد حاصل کرتے ہوئے برنس روڈ کے علاقے میں چھاپہ مار کر مغویہ بچی کو بازیاب کر کے ملزمہ اور اس کے بھائی کو گرفتار کرلیا، پولیس نے بازیاب کرائی جانے والی بچی کو والدین کے حوالے کر دیاجبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔