کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 4 ملزمان ہلاک

سائٹ میں بھتہ وصول کے لیے آنے والے دو بھتہ خور مارے گئے جبکہ گلشن اقبال میں دو ڈاکو ہلاک ہوئے


ویب ڈیسک May 07, 2014
ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے بھتہ خوروں کو ہلاک کرنے والی پولیس ٹیم کے لیے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔ فوٹو: فائل

پولیس نے مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران دو بھتہ خوروں سمیت چار ملزمان ہلاک کردیئے جن سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ میں پولیس سے مبینہ مقابلے میں بھتہ طلب کرنے کے لیے آنے والے 2 بھتہ خور ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نجی کمپنی سے بھتہ وصول کرنے آئے تھے، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی جب کہ پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں بھتہ خور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔


پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمان کے قبضے سے 2 پستول برآمد کی گئی ہیں جبکہ ہلاک ملزمان کی لاشوں کو سائٹ اے تھانے منتقل کردیا گیا ہے، ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات نے بھتہ خوروں کو ہلاک کرنے والی پولیس ٹیم کے لیے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔


دوسری جانب گلشن اقبال کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں سے لوٹ مار کررہے تھے،پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی جس کے بعد پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

مقبول خبریں