کراچی چیمبر کو میانمار کے ٹیک لکڑی کی برآمد بند کرنے پر تشویش

پاکستانی امپورٹرز متاثر ہونگے، 3 ماہ کیلیے پابندی ختم کردی جائے، عبداللہ ذکی کا صدر میانمار کو خط


Business Reporter May 08, 2014
پاکستانی امپورٹرز متاثر ہونگے، 3 ماہ کیلیے پابندی ختم کردی جائے، عبداللہ ذکی کا صدر میانمار کو خط۔ فوٹو: فائل

کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عبداللہ ذکی نے برما کی جانب سے ٹیک (Teak) لکڑی کی درآمد پرپابندی عائد کرنے پر گہری تشویش کا اظہارکیا اور میانمارحکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اس فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے کم از کم 3 ماہ کے لیے ٹیک لکڑی پر عائد پابندی ختم کردے۔

کراچی چیمبر کے صدر کی جانب سے میانمارکے صدر و دیگر متعلقہ اداروں اورپاکستانی سفارتخانے کو ارسال کردہ خط میں ٹیک لکڑی پر اپریل2014 سے عائد ہونے والی پابندی کے فیصلے پرتحفظات کا اظہارکرتے ہوئے بتایاکہ اس اقدام کے نتیجے میں ٹیک اور پکی لکڑی کے پاکستانی درآمدکنندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، پاکستانی درآمد کنندگان گزشتہ 5 دہائیوں سے خام مال کی شکل میں لکڑی درآمد کررہے ہیں۔ عبداللہ ذکی نے کہاکہ کراچی چیمبر آف کامرس کے کئی ممبران نے میانمارکے اس فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کے سی سی آئی سے تعاون طلب کرتے ہوئے لکڑی کی درآمد پر عائد کی گئی پابندی کے خاتمے کے لیے حکومت میانمار سے رابطہ کرنے کی درخواست کی ہے۔

درآمد کنندگان کا کہنا ہے کہ کم ازکم 3 ماہ کے لیے پابندی اٹھائی جائے تاکہ وہ اپنے زیر التوا کاروباری امور کو نمٹا سکیں جو مقامی مارکیٹ کی طلب کو پورا کرنے سے قاصر ہیں۔ خط میں کہا گیاکہ اس مسئلے کے حل کے لیے حکومت میانمار کے مثبت رویے کے نتیجے میں پاکستانی درآمد کنندگان کو مقامی مارکیٹ میں بلاتعطل خام مال کی سپلائی میں نہ صرف سہولت میسر آئے گی بلکہ دیگر ممالک سے بھی اس قسم کی لکڑی کی درآمد کی راہیں تلاش کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوںنے پاکستان اور میانمار کے درمیان دوستانہ و تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ میانمار حکومت پاکستانی درآمد کنندگان کی مشکلات کے پیش نظر اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے گی۔