پاکستان اسٹیل 6 ماہ میں منافع کمانا شروع کردے گی وفاقی وزیر صنعت

نفع میں آنے کے بعد پاکستان اسٹیل کے23 فیصدحصص فروخت کیے جائیں گے، ایکسپورٹ 60 ارب ڈالرتک بڑھاناچاہتے ہیں،مرتضی جتوئی


Business Reporter May 09, 2014
5 سالہ صنعتی پالیسی کااعلان رواں سال ہوگا، ہزار نئے یوٹیلٹی اسٹور کھولیں گے،وفاقی وزیر صنعت فوٹو:فائل

وفاقی وزیر صنعت غلام مرتضیٰ خان جتوئی نے کہا ہے کہ 18ارب روپے کے بیل آئوٹ پیکیج سے پاکستان اسٹیل کو 6ماہ میں منافع کمانا شروع کردے گی۔

5سالہ صنعتی پالیسی حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے جس کا اعلان رواں سال کے اختتام تک کردیا جائے گا، نئی پالیسی صنعتی شعبے کی امنگوں کے مطابق ہوگی جس سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور صنعتی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ گزشتہ روز ایف پی سی سی آئی میں تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کے دوران انھوں نے کہاکہ پاکستان اسٹیل ملز کے لیے18 ارب روپے کے بیل آؤٹ پیکیج سے 6 ماہ کے دوران پیداوار میں 75 فیصد اضافہ متوقع ہے، ماضی کی حکومت میں مجموعی طور پر پاکستان اسٹیل کو ملنے والے 40ارب روپے کے پیکیج خرد برد ہوگئے مگر موجودہ حکومت کی جانب سے ملنے والے 18ارب روپے کے پیکیج سے پاکستان اسٹیل آئندہ 6 ماہ میں منافع کمانا شروع کردے گی جس کے بعد پی آئی اے کی طرح پاکستان اسٹیل کے بھی 26 فیصد شیئرز فروخت کیے جائیں گے۔

پاکستان اسٹیل کی مینجمنٹ کو بہتر بنایا جارہا ہے اور اسکی دگنی توسیع کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے، ہم اس اہم ادارے کی پیداوار ڈیڑھ ملین میٹرک ٹن سے بڑھا کر 3 ملین میٹرک ٹن سالانہ کر کے منافع میں لائیں گے، پاکستان اسٹیل سے کسی بھی ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں ایک ہزار نئے یوٹیلٹی اسٹورز کھولے جائیں گے،250اسٹورز سندھ میں کھلیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قطر سے ایل این جی کی درآمد10 ماہ کے اندر شروع ہو جائیگی، گڈانی میں ایل این جی جیٹی لگائی جارہی ہے، توانائی کا بحران 4سال میں حل ہو جائیگا جس سے ملکی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، ہم ملکی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے برامدات کو 60 ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتے ہیں جس کے لیے پڑوسی ممالک سے تجارت اور صنعتی انقلاب ضروری ہے۔

مقبول خبریں