پارکنگ سے موٹر سائیکلیں چرانے والا کم عمر لڑکوں کا گروہ پکڑا گیا

صمید اور شکیل کو گرفتار کرکے5مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کیں،لڑکوں نے11وارداتوں کا اعتراف کیا ،ایس ایچ اوعارف رزاق


Staff Reporter May 09, 2014
حیدری پولیس کے ہاتھوں گرفتار کم عمرموٹر سائیکل چوروں کی تصاویر۔ فوٹو: ایکسپریس

SUKKUR: شہر کے مختلف علاقوں میں قائم مارکیٹوں اور بازاروں کے پارکنگ مقامات سے موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی وارداتوں میں کم عمر لڑکوں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

حیدری پولیس نے ایک کارروائی میں 2کم عمر لڑکوں کو گرفتار کر لیا جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ، پولیس نے گرفتار لڑکوں کی نشاندہی پر5 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لی ہیں،تفصیلات کے مطابق حیدری پولیس نے حیدری مارکیٹ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 2 کم عمر لڑکوں 12سالہ صمید ولد عبید اور 16سالہ سمیر ولد شکیل کو گرفتار کر لیا جبکہ گرفتار لڑکوں کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ، پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر5 مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔



ایس ایچ او حیدری عارف رزاق نے ایکسپریس کو بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے لڑکے حیدری مارکیٹ کی پارکنگ ایریاز میں کھڑی موٹر سائیکلیوں کے تالے کھول کر چوری کر لیا کرتے تھے اور اس کے بعد گرفتار ملزم سمیر کا والد شکیل لی مارکیٹ میں بلوچ نامی شخص کو 2 سے 3 ہزار روپے فروخت کر دیا کرتا تھا، انھوں نے بتایا کہ پولیس اکثر و بیشتر کم عمر لڑکوں کو چیک نہیں کیا کرتی ہے ایسی چیز کا لڑکوں نے فائدہ اٹھایا انھوں نے بتایا کہ گرفتار لڑکوں نے11وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ موٹر سائیکلیں چوری کرنے کی وارداتوں میں گرفتار ملزم سمیر کا والد شکیل موقع سے فرار ہوگیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ،انھوں نے بتایا کہ پولیس نے گرفتار لڑکوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے ، گرفتار کم عمر لڑکے صمید ولد عبید نے بتایا کہ وہ نادر شاہ اپارٹمنٹ کا رہائشی ہے اور نویں جماعت کا طالب علم ہے صمید نے بتایا کہ اس کے والد کی حیدری مارکیٹ میں فنگر چپس کی دکان ہے ۔