نگراں وزیراعلیٰ سندھ کا ادویات کی ذخیرہ اندوزی اور غیرمعیاری ادویات کیخلاف کارروائی کا حکم
محکمہ صحت ذخیرہ اندوزی میں ملوث ادویات فروشوں کے خلاف مہم شروع کرے گا، جسٹس (ر) باقر کی سربراہی میں اجلاس
نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے ادویات کی ذخیرہ اندوزی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ نگراں وزیراعلیٰ نے جان بچانے والی ادویات کی قلت اور مارکیٹ میں غیر معیاری ادویات سے متعلق گردش خبروں کے معاملے پر وزیر صحت ڈاکٹر سعد نیاز سے بات چیت کی۔
جسٹس (ر) باقر کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ صحت ذخیرہ اندوزی میں ملوث ادویات فروشوں کے خلاف مہم شروع کرے گا حتیٰ کہ محکمہ صحت غیر معیاری ادویات بنانے اور فروخت کرنے والے مینوفیکچررز/ڈیلرز حتیٰ کہ سٹوروں کے خلاف سخت کارروائی بھی کرے گا۔
جسٹس (ر) باقر نے کہا کہ معصوم لوگوں کی جانوں سے کھیلنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ علاوہ ازیں نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر صحت سے ڈینگی اور ملیریا کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا اور دونوں پروگراموں کو مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ محکمہ بلدیات کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں مچھر مار اسپرے شروع کریں۔