جامعہ این ای ڈی نے داخلہ فارم فیس میں اضافہ کردیا

مکمل داخلے نہ ہونے پرپی ایچ ڈی کے داخلے سال میں دوسری بار شروع کردیے گئے


Staff Reporter May 12, 2014
مکمل داخلے نہ ہونے پرپی ایچ ڈی کے داخلے سال میں دوسری بار شروع کردیے گئے۔ فوٹو: فائل

این ای ڈی یونیورسٹی نے ماسٹرزکلاسز کے داخلہ فارم فیس میں 500 روپے کااضافہ کردیا ہے۔

داخلہ فارم کی نئی قیمت بینک چارجز کے ساتھ 3300روپے مقررکی گئی ہے ، چند ماہ قبل پی ایچ ڈی کے دیے گئے داخلوں میں داخلے محدودتعداد میں ہونے کے سبب سال میں دوسری بار پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلوں کااعلان کردیاگیاہے ،تفصیلات کے مطابق این ای ڈی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے بیک وقت ماسٹرزپروگرام اورپی ایچ ڈی پروگرام کے داخلوں کا سلسلہ شروع کیا ہے، ماسٹرز پروگرام میں داخلے تعلیمی شیڈول کے مطابق دیے جارہے ہیں جبکہ پی ایچ ڈی پروگرام میں صرف چند ماہ بعدہی ایک بارپھرداخلے دیے جائیں گے۔

یونیورسٹی کے ذرائع نے ''ایکسپریس''کوبتایا کہ چونکہ چند ماہ قبل پی ایچ ڈی کے دیے گئے داخلوں کے لیے موقع پر داخلوں کی تعدادکا مطلوبہ ہدف پورانہیں ہوسکاتھااورٹیسٹ کے بعدصرف 27طلبہ کوپی ایچ ڈی کے پروگرام میں انرولڈکیاجاسکاہے جس کے بعد یونیورسٹی نے ایک بارپھرپی ایچ ڈی پروگرام میں داخلے شروع کرنے کافیصلہ کیاہے تاکہ متعلقہ شعبوں میں پی ایچ ڈی کے داخلوں کی تعدادکامطلوبہ ہدف پوراہوسکے ،پی ایچ ڈی کے داخلہ فارم 30مئی تک جمع کرائے جاسکیں گے۔

علاوہ ازیں این ای ڈی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے ماسٹرزکے داخلہ فارم کی قیمت میں بھی 500روپے کااضافہ کیاہے، بیک وقت کسی دوسرے شعبہ کے داخلے فارم کے حصول کے لیے اس کی قیمت میں 200روپے اضافے کے ساتھ 1200روپے مقررکی گئی ہے ،داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 19مئی مقررکی گئی ہے۔