میڈرڈ ماسٹرز ویمنز سنگلز ٹرافی پر شراپووا کا قبضہ

روسی اسٹار نے کیریئر کا 31 واں ٹائٹل جیت کر رینکنگ میں ساتویں پوزیشن پر ترقی بھی یقینی بنالی


Sports Desk/AFP May 12, 2014
ماریا شراپووا نے رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو 1-6،6-2 اور6-3 سے قابو کیا۔ ۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: ماریا شراپووا نے سخت جدوجہد کے بعد میڈرڈ ماسٹرز کی ویمنز سنگلز ٹرافی اپنے قبضے میں کرلی، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کو 1-6،6-2 اور6-3 سے قابو کیا۔

روسی اسٹار نے کیریئر کا 31 واں ٹائٹل جیت کر رینکنگ میں ساتویں پوزیشن پر ترقی بھی یقینی بنالی، روم ماسٹرز میں جیریمی شارڈے ڈچ حریف روبن ہیس کو پچھاڑ کر دوسرے رائونڈ میں راجرفیڈرر کے مقابل پہنچ گئے، امریکی سیڈنگ پلیئر جون اسنر کو جرگن میلزرکے ہاتھوں اپ سیٹ شکست ہوگئی، راڈک اسٹیپنک اور ٹومی روبریڈو نے بھی پہلا مرحلہ عبور کرلیا۔تفصیلات کے مطابق میڈرڈ ماسٹرز میں ویمنز سنگلز ٹرافی میچ میں روسی ساحرہ ماریا شراپووا کو رومانیہ کی سیمونا ہالیپ کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا رہا، روسی اسٹار کا یہ موجودہ سیزن میں دوسرا کلے کورٹ ٹائٹل ہے، اس سے قبل انھوں نے اسٹٹ گارٹ میں لگاتار تیسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

8 سیڈ ماریا کو رومانیہ سے تعلق رکھنے والی 4 سیڈ سیمونا ہالیپ سے باہمی تیسرے مقابلے میں کامیابی ملی، اس طرح ان کا ریکارڈ 3-0 سے بہتر ہوگیا جبکہ میڈرڈ میں ماریا کی کامیابی کا تناسب 16-4 ہوگیا، انھیں گذشتہ برس کے فائنل میں سرینا ولیمز کے ہاتھوں شکست کی خفت کا سامنارہاتھا، تاہم اس مرتبہ امریکی اسٹار تھائی انجری کے سبب کوارٹر فائنل سے دستبردار ہوگئی تھیں، کیریئر کی 31ویں ٹرافی جیتنے کا صلہ انھیں پیر کو جاری ہونے والی نئی ویمنز رینکنگ میں 7 ویں پوزیشن پر ترقی کی صورت ملے گا، دلچسپ بات یہ ہے کہ ماریا نے اپنے اختتامی 10 میں سے 8 ٹائٹلز کلے کورٹ پر ہی جیتے ہیں۔

دوسری جانب روم میں شروع ہونے والے ماسٹرز ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز فرسٹ رائونڈ مقابلوں میں فرانس کے جیریمی شارڈے نے ڈچ حریف روبن ہیس کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-4 اور6-4 سے ٹھکانے لگادیا، آسٹریا کے جرگن میلزر نے امریکا کے 9 سیڈ جون اسنر کو 7-6(9/7) اور 6-3 سے اپ سیٹ کردیا، قازقستان کے میخائل کوکوشین نے پیراگوئے کے جوآئو سوسا کو 6-3،6-7(1/7) اور6-3 سے زیر کرلیا، جرمن کھلاڑی فلپ کوہل شریبر نے پولینڈ کے جیرزی جینووچ کو 4-6،7-6 (8/6) اور6-2 سے مات دے دی، جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپنک نے اسپینش حریف پبلو الیجاندرو کو 5-7،6-3 اور6-4 سے قابو کرلیا، 16 سیڈ اسپینش پلیئر ٹومی روبریڈو نے ارجنٹائن کے جوآن مناکو کیخلاف 7-6(7/3) اور6-4 سے کامیابی کو اپنامقدر بنایا۔