حصص مارکیٹ میں مندی مزید 150پوائنٹس کی کمی

فروخت پردباؤبرقرار،انڈیکس28343پوائنٹس پر بند،357میں سے 231کمپنیوں کی قیمتیں گرگئیں،104 کے نرخ بلند


Business Reporter May 13, 2014
سرمایہ کاروں کو14ارب72کروڑ96لاکھ کانقصان،کاروباری حجم 26فیصد کم،8کروڑ80لاکھ حصص کے سودے فوٹو: اے ایف پی/ فائل

اپوزیشن جماعتوں کی احتجاجی ریلیوں سے ملک کے سیاسی افق پر غیریقینی تاثر نمایاں ہونے کے بعد سرمایہ کاروں کی کاروبار میں عدم دلچسپی کے نتیجے میں کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو بڑی نوعیت کی مندی رونما ہوئی ۔

جس سے انڈیکس کی28400 کی حد بھی گرگئی، مندی کے باعث65 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 14 ارب 72 کروڑ96 لاکھ68 ہزار520 روپے ڈوب گئے، نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ سے متعلق تحفظات اور نئی مانیٹری پالیسی میں ڈسکاؤنٹ ریٹ بڑھنے کے خدشات کے پیش نظر مارکیٹ میں حصص کی تجارتی سرگرمیاں انتہائی محدود رہیں جس کی وجہ سے لین دین کے اعدادوشمار طویل وقفے کے بعد 10 کروڑ سے نیچے آگئے۔

ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ بجٹ سے متعلق تحفظات اور سیاسی افق پر غیریقینی کا تاثر بڑھنے سے سرمایہ کاری کے بیشتر شعبے غیرمتحرک ہوگئے ہیں اور انہوں نے دیکھواور انتظار کرو کی پالیسی اختیار کر لی ہے، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر132 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی 28600 کی حدبحال ہوگئی تھی لیکن فوری منافع کے حصول کے لیے حصص کی وسیع پیمانے پر فروخت نے تیزی کو مندی میں تبدیل کردیا، کاروباری دورانیے میں غیرملکیوں کی جانب سے89 لاکھ22 ہزار803 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے6 لاکھ20 ہزار488 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی جبکہ مقامی کمپنیوں، بینکوں ومالیاتی اداروں، میوچل فنڈز، این بی ایف سیز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر95 لاکھ 43 ہزار291 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا ۔

جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس150.66 پوائنٹس کی کمی سے 28343.88 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 130.45 پوائنٹس کی کمی سے 19741.80 اور کے ایم آئی30 انڈیکس333.89 پوائنٹس کی کمی سے 45153.69 ہوگیا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 26.29 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر8 کروڑ80 لاکھ 69 ہزار410 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار357 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں104 کے بھاؤ میں اضافہ، 231 کے داموں میں کمی اور22 کی قیمتوں میں استحکام رہا، جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں یونی لیور فوڈز کے بھاؤ383.83 روپے بڑھ کر8060.59 روپے اور وائتھ پاکستان کے بھاؤ195 روپے بڑھ کر 4195 روپے ہوگئے جبکہ رفحان میظ کے بھاؤ 292.50 روپے کم ہوکر9800 روپے اور سینوفی ایونٹیز کے بھاؤ39 روپے کم ہوکر795 روپے ہوگئے۔