پاکستان کو شکست دیکر سری لنکا ایشیاکپ کے فائنل میں پہنچ گیا

ویب ڈیسک  جمعـء 15 ستمبر 2023
پاکستان کا 252 رنز کا ہدف سری لنکا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کرلیا (فوٹو: ٹوئٹر)

پاکستان کا 252 رنز کا ہدف سری لنکا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کرلیا (فوٹو: ٹوئٹر)

سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز میچ میں شکست دیکر ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

سری لنکا کیخلاف اہم ترین میچ میں بیٹنگ کے بعد پاکستان کی بولنگ بھی بری طرح ناکام ہوگئی۔ پاکستانی بولرز سری لنکا کیخلاف ابتدائی وکٹیں جلدی گرانے میں ناکام رہے اور میچ پر سری لنکا کی گرفت شروع سے ہی مضبوط دیکھائی دی۔ پاکستان کا 252 رنز کا ہدف سری لنکا نے 8 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کرلیا۔ سری لنکا کے کوشل مینڈس 91، چارتھ اسالنکا 49 اور سدیرا سمراوکرما 48 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

آخری اوور میں سری لنکا کو جیت کیلئے 8 رنز درکار تھے جبکہ سات کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔ زمان خان نے آخری اوور میں پہلی تین گیندوں پر صرف دو رنز دیے جبکہ چوتھی گیند پر وکٹ بھی لے لی جس کے بعد سری لنکا کو میچ جیتنے کیلئے دو گیندوں پر 6 رنز درکار تھے لیکن پانچویں گیند پر اسالنکا نے چوکا لگادیا جبکہ آخری گیند پر دو رنز لیکر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر  252 رنز بنائے تھے۔ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت سری لنکا کو بھی جیت کیلئے 252 رنز کا ہی ہدف دیا گیا۔ بارش کے باعث میچ تاخیر سے شروع ہونے پر دونوں اننگز کو پہلے 45، 45 اوورز بعد میں پاکستان کی اننگز کے دوران بارش کی وجہ سے میچ دوبارہ رُکنے پر 42، 42 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔

سری لنکا کی اننگز

پاکستان کیخلاف سری لنکا کی پہلی وکٹ 20 کے مجموعی اسکور پر گری جب کوسل پریرا 17 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کوشل مینڈس اور پاتھم نسانکا کے درمیان 57 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔

سری لنکا کی دوسری وکٹ 77 کے مجموعی اسکور پر گری جب پاتھم نسانکا 29 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر کوشل مینڈس اور سدیرا سمراوکرما کے درمیان 100 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ 29.4 اوورز میں 177 کے مجموعی اسکور پر سدیرا سمراوکرما 48 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

210 کے مجموعی اسکور پر کوشل مینڈس بھی 91 رنز کی اننگز کھیل کر آوٹ ہوگئے جس کے بعد وکٹیں گرنے میں تیزی آگئی۔ داسن شناکا 2، دھننجایا ڈی سلو5 اور دونتھ ویلالج صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ پرامود مادھوشن آخری اوور میں ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے افتخار احمد نے 3، شاہین آفریدی نے 2 اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی اننگز

کولمبو میں سری لنکا کیخلاف سپر فور مرحلے کے میچ میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا۔ عبد اللہ شفیق اور فخر زمان کو بولرز کو کھیلنے میں مشکلات کا سامنا رہا اور پانچویں اوور میں صرف 8 رنز کے مجموعی اسکور پر فخر زمان کو فاسٹ بولر پرامود مدھوشان نے کلین بولڈ کردیا۔

بابراعظم اور عبداللہ شفیق کے درمیان 50 رنز سے زائد کی پارٹنر شپ قائم ہوئی لیکن 16 ویں اوور میں 73 کے مجموعی اسکور پردوسری وکٹ بھی گرگئی۔  بابراعظم 29 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

100 رنز کے مجموعی اسکور پر عبداللہ شفیق بھی 52 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ 108 کے اسکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گری جب محمد حارث صرف تین رنز بنانے کے بعد پاتھیرانا کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔

27.4 اوورز میں 130 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پانچویں وکت گری جب محمد نواز 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس موقع پر میچ بارش شروع ہونے کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔

افتخار احمد نے 47 اور شاداب خان نے صرف تین رنز بنائے۔ محمد رضوان 86 اور شاہین آفریدی 1 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

سری لنکا کی طرف ماتھیشا پاتھیرانا نے 3، پرامود مادھوشن نے 2، مہیش تیکھشانا اور دونتھ ویلالج نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی لنکن ٹیم کے خلاف بڑا اسکور کرکے ٹیم کو پریشر میں لائیں۔ بابراعظم نے بتایا کہ گزشتہ روز اعلان کردہ ٹیم میں دو تبدیلیاں مزید کی گئی ہیں امام الحق کمر میں درد جبکہ سعود شکیل بخار کے باعث پلئینگ الیون کا حصہ نہیں ہیں۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ؛ پاک سری لنکا میچ میں بارش کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی

اس موقع پر سری لنکن کپتان داسن شناکا نے کہا کہ پاکستانی بیٹنگ لائن کی جلد وکٹیں لیکر کم سے کم ہدف تک رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں کوشل پریرا اور پرمود مدوشن کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

قبل ازیں میچ کا ٹاس بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا جس کی وجہ سے امپائرز نے دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 45، 45 اوورز تک محدود کردیا ہے۔

Rain in Asia Cup match Pak Vs Srilanka

دوسری جانب اگر سری لنکا کے خلاف میچ بارش کی نذر ہوا یا سری لنکا جیتا تو وہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گا اور قومی ٹیم کا سفر اختتام پذیر ہوجائے گا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ جیتنے والی ٹیم 17 سمتبر کو بھارت کے خلاف ایونٹ کے فائنل میں میدان میں اُترے گی۔

پاکستان کا اسکواڈ

کپتان بابراعظم، شاداب خان، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین آفریدی اور زمان خان شامل ہیں۔

Pakistan team against Srilanka in Asia Cup

سری لنکا اسکواڈ

کپتان داسن شناکا، پاتھم نسانکا، کوشل پریرا، کوشل مینڈس، سدیرا سماراویکراما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، ڈونتھ ویلالجے، مہیش تھییکشنا، متھیشا پتھیرانا، پرامود مدھوشن۔

Srilanka

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔