ایشین گیمز نیپال نے ٹی20 کی تاریخ ہی پلٹ کررکھ دی

سب سے بڑا اسکور، تیز ترین ففٹی اور سینچری بناڈالیں


ویب ڈیسک September 27, 2023
سب سے بڑا اسکور، تیز ترین ففٹی اور سینچری بناڈالیں (فوٹو: فائل)

نیپال نے منگولیا کے خلاف میچ میں ٹی20 کی تاریخ کا نیا ریکارڈ بناڈالا۔

ایشین کے گیمز کرکٹ ٹورنامنٹ مقابلوں کے دوران نیپال کی ٹیم نے ٹی20 میں تاریخ رقم کرتے ہوئے سب سے بڑا اسکور، تیز ترین سینچری اور نصف سینچریاں بناڈالیں۔

انہوں نے منگولیا کے خلاف میچ کے دوران یہ کارنامہ سر انجام دیا، میچ میں نیپال نے اپنے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے، جو ٹی20 فارمیٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے، اس سے قبل 2019 میں افغانستان نے آئرلینڈ کے خلاف 278 رنز کا مجموعہ کھڑا کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ؛ نیپالی گانے پر کوہلی کے ڈانس نے فینز کو حیران کردیا

نیپالی ٹیم کی اننگز میں مجموعی طور پر 26 چھکے مار کر افغان ٹیم نے آئرلینڈ کے خلاف 22 چھکوں کے ریکارڈ کو پاش پاش کردیا جبکہ ٹی20 فارمیٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

آل راؤنڈر دیپیندر سنگھ ایری نے ٹی20 فارمیٹ کی سب سے تیز نصف سینچری اسکور کی انہوں نے محض 9 گیندوں پر یہ کارنامہ سرانجام دیا جبکہ اس سے قبل بھارت کے یورواج سنگھ نے 12 گیندون پر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

مزید پڑھیں: ایشیاکپ؛ بھارتی کھلاڑیوں نے نیپالی کرکٹرز کو 'میڈلز' سے نواز دیا

ایری کی اننگز کا اختتام 10 گیندوں پر 52 رنز کے ساتھ ہوا جبکہ اس دوران انہوں نے 8 چھکے بھی لگائے جس میں انکا اسٹرائیک ریٹ 520 کا رہا۔

تیز ترین سینچری بنانے والے کشال مالا نے صرف 34 گیندوں میں تیز ترین سنچری بنانے کے لیے ہندوستان کے روہت شرما اور جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ ملر کو پیچھے چھوڑ دیا، مالا نے 50 گیندوں میں 8 چوکوں اور 12 چھکوں کی مدد سے 137 رنز بنائے۔

اس سے قبل روہت شرما اور ڈیوڈ ملر نے 35، 35 گیندوں پر سینچریاں اسکور کیں تھی۔

منگولیا کو جیت کیلئے 315 رنز درکار تھے تاہم انکی پوری ٹیم محض 41 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔